دہشت گردی مخالف جنگ چین نے بھی فائدہ اٹھایا

0

یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے کہ دہشت گردی مخالف جنگ کی وجہ سے جتنا نقصان مسلمانوں کا ہوا ہے، اس سے پہلے کی کئی دہائیوں میں کسی اور وجہ سے ان کا اتنا نقصان نہیں ہوا۔ دہشت گردی سے مسلمانوں کو جوڑ کر ان کی شبیہ مسخ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔ دہشت گردی مخالف جنگ کی حقیقت کا اندازہ بار بار ہوا مگر سچ تو یہ ہے کہ دنیا کے بیشتر ملکوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے اور ان ملکوں میں چین بھی شامل ہے۔ دہشت گردی کا حوالہ دے کر ہی اس نے اویغوروں کے خلاف مہم کو جواز دینے کی کوشش کی ہے۔ 9/11 سے پہلے جیسے تھائی لینڈ اور دیگر ممالک اپنے یہاں کے علیحدگی پسند کو علیحدگی پسند یا مسلح جنگجو کہتے تھے، اسی طرح سنکیانگ کے علیحدگی پسند کو چینی حکومت بھی علیحدگی پسند ہی کہتی تھی مگر دہشت گردی مخالف جنگ کے شروع ہونے کے بعد اس کا لہجہ بدل گیا۔ وہ سنکیانگ کے علیحدگی پسند جنگجوؤں کو دہشت گرد کہنے لگی اور ان کے خلاف کارروائی کے بہانے ان لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے لگی جن کا دہشت گردی سے دور دور تک کوئی لینا دینا نہیں تھا۔ سوال یہ ہے کہ کسی ملک نے اس وقت چین کو یہ احساس دلانے کی کوشش کیوں نہیں کی کہ دہشت گردی مخالف جنگ کو بدنام کرنے کی کوشش نہ کرے، اس جنگ کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائے؟ اس کا جواب دینے کے لیے اس سوال کا جواب پہلے تلاش کرنا ہوگا کہ پوچھتا کون؟ امریکہ بہادر تو خود جنگوں میں الجھا ہوا تھا۔ افغان جنگ کو وہ جائز ٹھہرا سکتا تھا مگر عراق جنگ کا تو کوئی جواز ہی نہیں تھا۔ پھر وہ چین کو کیسے تلقین کرتا؟ اس کے ایسا کرنے پر کیا چین اس کے خلاف محاذ نہ کھولتا؟ جنگوں کے حوالے سے اسے بیک فٹ پر لانے کی کوشش نہیں کرتا؟
شروع میں اس بات کا اندازہ تھا کہ امریکہ کے لیے افغان جنگ آسان نہیں ہوگی۔ چین اس جنگ کے حوالے سے اسے گھیرنے کی کوشش کرے گا مگر چین خود دہشت گردی سے متاثر ہونے کا راگ الاپنے لگا، وہ اویغور مسلمانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کرنے لگا اور امریکہ اسے یہ نہیں کہہ سکا کہ وہ غلط ہے، حالات کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے، کیونکہ امریکہ اگر ایسا کہتا تو اس سے اس کی پوزیشن اور کمزور ہوتی ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین کی خاموش حمایت اسے نہیں ملتی، البتہ اب امریکہ کی ایسی کوئی مجبوری نہیں ہے۔ اس نے افغان جنگ ختم کر دی ہے۔ اس کے فوجی افغانستان سے جا چکے ہیں، اس لیے اسے اویغوروں کا مسئلہ بھی نظر آرہا ہے، وہ چین سے یہ کہنے کی پوزیشن میں بھی ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، اویغوروں کے خلاف ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔n

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS