وزیر اعلیٰ کجریوا ل نے دہلی والوں کو دیا نئے سال کا تحفہ

جنوری سے سرکاری اسپتالوں میں مفت ہوں گے 450 طرح کے ٹیسٹ

0

نئی دہلی (ایس این بی )
دہلی کے لوگوں کو نئے سال کے تحفے کے طور پر وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے تمام سرکاری اسپتالوں، پولی کلینک اور محلہ کلینک میں 450قسم کے ٹیسٹ مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی کے لوگوں کو یکم جنوری سے سرکاری اسپتالوں میں 450قسم کے ٹیسٹ کی سہولت ملے گی۔ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے آج دہلی کے لوگوں کو بہترین مفت صحت خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے محکمہ صحت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اب تک دہلی کے سرکاری اسپتالوں، پولی کلینک اور محلہ کلینک میں 212قسم کے ٹیسٹ مفت کیے جا رہے تھے۔ دہلی سرکارنے مہنگائی سے نبرد آزما لوگوں کو راحت دی ہے۔ اسے بڑھا کر 450کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میںاروند کجریوال نے ٹویٹ کیا کہ لوگوں کے تمام طبقات کو اچھے معیار کی صحت اور تعلیم فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔ صحت کی سہولیات بہت مہنگی ہو گئی ہیں۔ بہت سے لوگ نجی صحت کی دیکھ بھال کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔ دہلی سرکارکے اس قدم کی وجہ سے سب کو مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں سرکاردہلی والوں کو بہترین مفت صحت خدمات فراہم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ دہلی سرکارکی یہ کوشش ہے کہ سرکاری اسپتالوں، پولی کلینک اور محلہ کلینک میں تمام طبقوں کے لوگوں کو ہر طرح کی معیاری صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں، تاکہ مالی بحران سے دوچار لوگوں کو کچھ ریلیف مل سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج اتنا مہنگا ہو گیا ہے کہ عام آدمی وہاں اپنا علاج کروانے سے قاصر ہیں۔ دہلی سرکارنے اپنے اسپتالوں، پولی کلینک اور محلہ کلینک میں تمام ٹیسٹ، ادویات اور آپریشن سب کے لیے مفت کر دیے ہیں۔ اب تک سرکار کے عام آدمی محلہ کلینک میں 212 قسم کے ٹیسٹ مفت کیے جا رہے تھے اور کچھ سرکاری اسپتالوں اور سپر اسپیشلٹی کلینک میں 250سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا رہے تھے۔باقی ٹیسٹوں کے لیے لوگوں کو پرائیویٹ اسپتالوں میں جا کر مہنگے ٹیسٹ کروانے پڑتے تھے۔ اس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اروند کجریوال نے سرکاری اسپتالوں، پولی کلینک، محلہ کلینک اور موبائل ہیلتھ کلینک میں مفت ٹیسٹ کی سہولت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے آج محکمہ صحت سے موصولہ تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے بعد دہلی حکومت دہلی کے لوگوں کے 450 قسم کے ٹیسٹ مفت کرا سکے گی۔ دہلی سرکار نے نجی لیباریٹریوں کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے، جو افسر کے ذریعہ منظور شدہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق جانچ اور نمونے کی نقل و حمل کو یقینی بناتی ہیں۔ اس وقت دہلی سرکار522عام آدمی محلہ کلینک، 4ایم ایم سی، 21پولی کلینک اور 201ڈسپنسری چلاتی ہے، جہاں لوگوں کو اس ٹیسٹ کی سہولت مفت میسر ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS