وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے راج گھاٹ بس ڈپو میں تمام بسوں کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا

0

ٹرانسپورٹ بیڑے میں 50 نئی سی این جی اے سی بسیں شامل
نئی دہلی (ایس این بی) :منگل کو دہلی کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں 50 نئی سی این جی لو فلور اے سی بسیں شامل کی گئیں۔وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے راج گھاٹ بس ڈپو میں تمام بسوں کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر انہوںنے کہا کہ اس سے ٹرانسپورٹ کا نظام مزید مضبوط ہو گا اور ساتھ ہی دیہی علاقوں کے درمیان رابطے بھی مضبوط ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے انفورسمنٹ ونگ کے لیے 76 گاڑیوں کو سڑک پر اتارا۔ اس میں 30 انووا اور 36 موٹر سائیکلیں ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت اور دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے افسران بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ موجود تھے۔
اس موقع پراروند کجریوال نے کہا کہ یہ تمام گاڑیوں کو لین ڈسپلن نافذ کرنے میں شامل ہوگا۔ سرکار نے یہ مہم اپریل سے شروع کی ہے۔ 2023 تک دہلی کی سڑکوں پر 1800 الیکٹرک بسیں چلیں گی۔ الیکٹرک بسیں 2025 تک راجدھانی کے ٹرانسپورٹ بیڑے کا 80 فیصد حصہ بنیں گی۔ سرکار نے 1500 الیکٹرک بسوں کی تجویز جاری کی ہے اور اگلے سال نومبر تک ایسی 1800 الیکٹرک بسیں دہلی کی سڑکوں پر چلیں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے 50 نئی لو فلور سی این جی اے سی بسیں شامل کی ہیںاب تک لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ سڑک پر کافی بسیں نہیں تھیں مگر گزشتہ 2-3سالوں میں سرکارنے بڑی تعداد میں الیکٹرک، سی این جی، کلسٹر بسوں کو بیڑے میں شامل کیا ہے۔ اروند کجریوال نے کہا کہ نئی بسیں نئے تعمیر شدہ بوانہ بس ڈپو میں رکھی جائیں گی۔ اس سے دیہی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کا نظام مضبوط ہوگا۔ ضرورت پڑنے پر نئے راستوں کی نشاندہی کی جائے گی جبکہ 360 روٹس پر کلسٹر بسیں پہلے ہی موجود ہیں۔ ان بسوں کے لیے چھ نئے روٹس کی نشاندہی کی جائے گی، تاکہ دیہی علاقوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ بسیں مہیا کی جا سکیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS