چرنجیت ہوں گے پنجاب کے وزیراعلیٰ

0

چنڈی گڑھ/ نئی دہلی ( ایس این بی) : ممبر اسمبلی چرنجیت سنگھ چنی پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور پنجاب کے انچارج ہریش راوت نے سب سے پہلے ٹوئٹ کے ذریعہ یہ جانکاری دی۔انہوں نے بتایاکہ چنی کو متفقہ طور پر کانگریس قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیاگیاہے۔چنی کے لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر منتخب ہونے کے بعد مسٹر راوت ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ راج بھون پہنچے اور گورنر بنوری لال پروہت سے ملاقات کی اور انہیں حکومت بنانے کیلئے ایک خط دیا۔ گورنر نے انہیں پیر کی صبح 11 بجے حلف لینے کا وقت دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 2نائب وزیر اعلیٰ کا بھی انتخاب جلد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چنی پنجاب کے پہلے دلت سکھ وزیراعلیٰ ہوں گے۔ چنی پنجاب کے ایک مقبول دلت لیڈر ہیں اور وہ چمکور صاحب اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی ہیں۔ ساتھ ہی کیپٹن امریندر حکومت میں کابینہ سطح کے تکنیکی تعلیم کے وزیر رہے ہیں۔ ان کا تعلق رام داسیا سکھ برادری سے ہے۔ چمکور صاحب اسمبلی حلقہ سے 3 بار ایم ایل اے رہنے والے مسٹر چنی کو 16مارچ 2017کو کیپٹن کی حکومت میں کابینی وزیر بنایا گیا تھا۔ چنی نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز نگر کھرڈ میونسپل کونسل کے صدر کے طور پر شروع کیا اور 2007 میں وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اترے اور اکالی دل کے امیدوار کو شکست دے کر اسمبلی میں پہنچے۔ اس کے بعد انہوں نے کانگریس کا دامن تھام لیا ۔ وہ چمکور صاحب اسمبلی سیٹ (ریزرو) سے الیکشن میں اترے اور مسلسل تیسری بار جیتے۔ مسٹر چنی نے 2017 کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار کو ہرا دیا تھا۔ اس سے قبل 2015میں اکالی دل کی حکومت کے دوران کانگریس نے انہیں کانگریس قانون سازپارٹی کا لیڈربنایا اور انہوں نے ایوان میں بہترین کردار ادا کرتے ہوئے اکالی حکومت سے دو دو ہاتھ کئے۔ دریں اثنا، کیپٹن امریندر سنگھ نے ٹوئٹ کیا اور چنی کو پارٹی کی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسٹر چنی سرحدی ریاست پنجاب کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ ریاست کے عوام کو سیکورٹی کے بڑھتے ہوے خطرات سے بچائیں گے۔
اس درمیان وزیراعلیٰ بننے کی ریس میں سب سے آگے بتائے جارہے کانگریس لیڈر سکھویندر سنگھ رندھاوا نے کہاکہ یہ ہائی کمان کا فیصلہ ہے، میں اس کا استقبال کرتاہوں۔ چنی میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں۔ میں مایوس نہیں ہوں۔ واضح رہے کہ چنی کے سہارے کانگریس نے پنجاب میں 32 فیصد دلت ووٹ بینک کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ اکالی دل کے دلت نائب وزیراعلیٰ بنانے کے انتخابی وعدے کا بھی جواب دے دیاہے۔ بی جے پی نے بھی دلت وزیراعلیٰ بنانے کا وعدہ کیاتھا۔ وہیں عام آدمی پارٹی بھی پنجاب اسمبلی میں دلت لیڈر ہرپال چیما کو اپوزیشن کا لیڈر بنائے جانے پر دلتوں کا ہمدرد ثابت کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ کانگریس کے اس داؤ نے تمام سیاسی پارٹیوں کو کرارا جواب دیاہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS