سی اے اے کو نامنظور کرنے کیلئے کانگریس لائے گی قانون
تیج پور،وشو ناتھ،(پی ٹی آئی): کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے منگل کو کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد اگر ان کی پارٹی آسام میں اقتدار میں آتی ہے تو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو ’نامنظور کرنے کے لیے‘ریاست میں ایک نیا قانون لایا جائے گا۔
پرینکا نے تیج پور میں ایک عوامی جلسہ کے دوران ’5 گارنٹی‘مہم کی شروعات کی اور کہا کہ ’اگر ان کی پارٹی کو (عوام نے ) اس شمال مشرقی ریاست میں سرکار بنانے کا موقع دیا تو پوری ریاست میں خواتین خانہ کو ہر ماہ 2,000 روپے دیے جائیں گے اور سبھی کنبوں کو 200 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی۔‘انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ ان کی پارٹی چائے باغان مزدوروں کی کم از کم دہاڑی موجودہ 167 روپے سے بڑھا کر 365 روپے کرے گی اور نوجوانوں کو تقریباً 25,000 سرکاری نوکریاں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ’آسام کے لوگوں کو بی جے پی نے 25 لاکھ نوکریاں دینے کا 5 سال قبل وعدہ کیا تھا لیکن انہیں دھوکہ دیا اور اس کے بجائے یہاں کے لوگوں کو سی اے اے دیا۔ ہماری پارٹی کھوکھلے وعدے نہیں کر رہی ہے بلکہ 5 گارنٹی دے رہی ہے۔‘
آسام کے وشوناتھ علاقہ میں کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے نئے زرعی قوانین سے متعلق کسانوں کی فکر مندیوں پر دھیان نہیں دینے کو لے کر منگل کو مرکز کی بی جے پی کے زیر قیادت سرکار پر سخت حملہ کیا اور کہا کہ اس کی پالیسیاں صرف امیر لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے یہاں سے قریب سادھارو چائے باغان کی خاتون مزدوروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسان قومی راجدھانی کے اندر اور باہر مہینوں سے مظاہرے کر رہے ہیں لیکن وزیراعظم نریندر مودی ان لوگوں سے اب تک نہیں ملے ہیں اور تعطل ختم نہیں کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’وزیراعظم جہاں رہتے ہیں وہاں سے محض 4-5 کلومیٹر کی دوری پر گزشتہ کچھ مہینوں سے 3 لاکھ سے زائد کسان دھرنا دے رہے ہیں لیکن وہ (وزیراعظم) ان سے ملنے نہیں گئے۔‘
آسام کے 2 روزہ دورے پر آنے والی پرینکا گاندھی چائے باغان میں خاتون مزدوروں کے ساتھ بیٹھیں اور کئی موضوعات پر ان کے ساتھ بات چیت کی۔ بات چیت کے دوران خواتین نے ان سے مبینہ طور پر کہا کہ ان کے لیے بنی اسکیموں کا فائدہ صرف کچھ لوگوں کو ہی مل رہا ہے جبکہ دیگر افراد کو پوچھ تاچھ کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔ کام کے وقت میں اس کے لیے جانامشکل ہوتا ہے۔ خواتین نے مہنگائی کے سبب پیدا ہونے والے مسائل، رہائش اور باغات میں بیت الخلا کا انتظام نہیں ہونے سے پیش آنے والی پریشانیوں کا بھی ذکر کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS