12ویں کے ملتوی،وزیراعظم مودی کی صدارت میں منعقد میٹنگ میں سرکار کا اہم فیصلہ
نئی دہلی (ایجنسیاں) : مرکزی وزارت تعلیم نے کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر سی بی ایس ای(سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن) کلاس 10ویں کے امتحانات منسوخ کردیے اور 12ویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرتعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے آج عہدیداروں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد سی بی ایس ای بورڈ امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ فیصلے کے مطابق 10ویںبورڈ کے امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں اور 12ویںبورڈ کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔ وزارت تعلیم کے مطابق12ویں کے امتحانات کا نیا شیڈول یکم جون کو ملک میں کورونا کے حالات کو دیکھ کر تیار کیا جائے گا۔ طلبا کو شیڈول سے 15دن پہلے امتحان کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 4مئی سے 14 جون تک ہونے والے 12ویں کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں، جبکہ4مئی سے 14جون تک ہونے والے 10ویں کلاس کے امتحانات منسوخ کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سی بی ایس ای کے بورڈ امتحان میں 10ویں اور 12ویں کو ملا کر قریب 35.81لاکھ طلبا شامل ہونے والے تھے۔ ان میں12ویں کے 14لاکھ سے زیادہ اور 10ویں کے 21.50 لاکھ طلبا تھے۔ غورطلب ہے کہ کورونا وائرس کے سبب گزشتہ سال سی بی ایس ای کے بورڈ امتحانات کے کچھ پیپر باقی رہ گئے تھے۔اس وقت یکم جولائی سے 15جولائی کے درمیان ہونے والے امتحانات رد کردیے گئے تھے۔
دریں اثنا دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے 10ویں کے امتحانات رد کرنے اور 12ویں کے امتحانات ملتوی کرنے پر خوشی کا اظہار کیاہے۔ وہیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکاگاندھی واڈرا نے بھی سرکار کے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیاہے۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ 12ویں کے امتحان کے بارے میں بھی کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے۔ غورطلب ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی، پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندرسنگھ سمیت کئی لیڈروں نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر سی بی ایس ای امتحانات رد کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔ اس سے قبل کووڈ19- وبا کے بڑھتے معاملے کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر سرکار نے بھی ریاست میں بورڈ کے امتحانات ملتوی کرکے مئی کے آخر یا جون میں کرانے کا فیصلہ لیاہے۔
12ویں کیلئے: 4مئی سے 14جون تک چلنے والے بورڈ کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔ بورڈ یکم جون کو حالات کا جائزہ لے گا اور پھر فیصلہ کرے گا۔ اگر امتحان ہوتا ہے تو کم از کم 15دن قبل طلبا کو اس سلسلے میں جانکاری دی جائے گی۔
10ویں کیلئے: 10ویں کے امتحان 4مئی سے14 جون تک ہونے والے تھے۔ یہ منسوخ کردیے گئے ہیں۔ یعنی اس سال امتحان نہیں ہوگا۔ تمام طلبا اگلی کلاس میں پرموٹ کیے جائیں گے۔ اس رزلٹ کی بنیاد کیا ہوگی؟، سی بی ایس ای اسے طے کرے گا۔ اگر کوئی طالب علم بورڈ کی جانب سے دیے گئے مارکس سے مطمئن نہیں ہوگا تو وہ امتحان میں شامل ہوسکتا ہے۔ لیکن یہ امتحان تب ہوں گے، جب اس کیلئے ملک میںحالات معمول پر ہوں گے۔
آن لائن ایگزام کا متبادل نہیں: وزارت تعلیم سے متعلق ایک افسر کے مطابق شارٹ نوٹس پر 12ویں کے آن لائن امتحان ممکن نہیں ہیں۔ اتنی جلدی طلبا خود کو آن لائن پیٹرن کیلئے کیسے تیار کریں گے۔ ایسے میں امتحان آن لائن کروانا اور انہیں رد کرنے جیسے متبادل ممکن نہیں۔
سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن دسویں کے امتحانات منسوخ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS