نئی دہلی(ایس این بی)پنجاب کے کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے نئی دہلی میں راہل گاندھی اور ان کی بہن پرینکا گاندھی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی ہے جب پنجاب میں انتخابی سرگرمیوں نے اچانک شدت اختیار کرلی ہے اوراسی کے ساتھ ساتھ حکمراں کانگریس پارٹی کے داخلی خلفشار سرخیوں میں رہی ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو کل صبح سے ہی راجدھانی دہلی میں ہیں ۔
گزشتہ روز ان کی راہل گاندھی سے ملاقات نہیں ہوپائی تھی لیکن آج ان کی راہل اور پرینکا گاندھی سے ملاقات ہوگئی۔ پرینکا گاندھی سے صبح چار گھنٹے تک سدھو نے بات چیت کی۔ اگرچہ اس بات چیت کی تفصیل سامنے نہیں آپائی ہے لیکن سدھو نے ٹوئٹ کرکے پرینکا گاندھی کے ساتھ اپنا فوٹو پوسٹ کیا ۔ نوجوت سنگھ سندھو نے بعد میں راہل گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ کہا جاتاہے کہ پرینکا گاندھی سے ملاقات میں سدھو نے امریندر سنگھ کے رویے کے بارے میں شکایت کی اور کہا کہ ان کے رویے سے پنجاب کانگریس یونٹ میں خانہ جنگی بڑھی ہے۔ گزشتہ روز راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر جب میڈیا کا ہجوم دیکھا گیا تو اس پر راہل نے پوچھا کہ آپ یہاں کیوں جمع ہیں تو میڈیا نے ان سے سدھو کی ملاقات کے امکانات کے بارے میں پوچھا اس پر راہل نے کہاکہ ان کے اورسدھو کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔ مجھے معلوم نہیں ہے کہ یہ شورو غل کیوں ہے۔ راہل اور پرینکا پنجاب میں امریندر سنگھ اور سدھو کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے لیے کافی کوششیں کررہے ہیں۔ پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ عین انتخابات سے قبل پارٹی متحدہ طور پر عوام کے سامنے جائے اور گزشتہ 5 سال کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگے۔ سدھو کی شکایت ہے کہ کیپٹن امریندر سنگھ پچھلے انتخابات سے قبل کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کرپائے ہیں، جس کی وجہ سے پارٹی کو دوبارہ برسراقتدار آنے میں اور عوام کا سامنا کرنے میں دشواریاں آسکتی ہیں۔ سدھو بار بار پارٹی قیادت کی توجہ گروگرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے خلاف ہونے والے مظاہروں پر پولیس کی فائرنگ کے مختلف واقعات کی تفتیش کرانے کیلئے دبائو ڈالتے رہے ہیں، تاکہ جلد ازجلد ان حساس واقعات کے پس پشت شرپسند عناصر کو کیفرکردارتک پہنچایا جاسکے۔ اس معاملہ کو اٹھا کر وہ اکالی دل اور بادل خاندان کو بطور خاص نشانہ بنا نا چاہتے ہیں ۔ اکالی دل نے اسمبلی انتخابات کیلئے بی ایس پی سے مفاہمت کرلی ہے۔ ایسے حالات میں کانگریس لیڈر کو یہ لگتا ہے کہ اکالی دل کے خلاف اور سخت انداز میں مہم چلائی جائے۔ سدھو کا یہ بھی کہناہے کہ پنجاب میں کانگریس نے عوام کو بجلی کی مفت سپلائی کیلئے جو وعدے کیے تھے ان کو بھی پورا کیا جانا چاہیے۔خیال رہے کہ سدھو بار بار یہ بات کہتے رہے ہیں کہ ان کو امریندر سنگھ کے ساتھ کوئی پریشانی نہیں ہے مگرعوام کے ساتھ کیے گئے وعدے کو پورا ہونا چاہیے۔
کیپٹن بنام کرکٹر:راہل اور پرینکا سے سدھو کی ملاقات
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS