نیشنل صفائی کرمچاری کمیشن کی مدت کار 3سال بڑھانے کو منظوری

0

نئی دہلی (یو این آئی) : حکومت نے نیشنل کمیشن برائے صفائی کرمچاری (این سی ایس کے) کی مدت کار 31 مارچ سے آگے3 سال بڑھانے کی تجویز کو بدھ کے روزمنظوری دے دی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیاگیا۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے 58ہزارسے زیادہ صفائی کرمچاری اور ہاتھ سے کچرا اٹھانے والے مستفید ہوں گے ۔واضح رہے کہ 31مارچ 2021 تک ایم ایس ایکٹ سروے کے تحت شناخت شدہ ہاتھ سے کچرااٹھانے والوں کی تعداد 58098ہے ۔ این سی ایس کے کا قیام سال 1993میں قومی کمیشن برائے صفائی کرمچاری ایکٹ، 1993کے التزامات کے مطابق شروع میں 31مارچ 1997تک کی مدت کیلئے کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایکٹ کی میعاد آغاز میں31مارچ 2002 تک اور اس کے بعد 29فروری 2004 تک بڑھا دی گئی۔ این سی ایس کے ایکٹ 29 فروری 2004سے مؤثر نہیں رہا۔ اس کے بعد این سی ایس کے کی مدت کار کووقتاً فوقتاً قراردادوں کے ذریعے ایک غیرآئینی ادارہ کے طور پر توسیع کی گئی ہے ۔ موجودہ کمیشن کی مدت کار 31مارچ 2022تک ہے ۔این سی ایس کے صفائی کرمچاریوں کی فلاح و بہبود کیلئے مخصوص پروگراموں کے حوالے سے حکومت کو اپنی سفارشات پیش کرتا ہے ، صفائی کرمچاریوں کیلئے موجودہ فلاحی پروگراموں کا مطالعہ اور تشخیص کرتا ہے اور خصوصی شکایات کے معاملات کی تحقیقات وغیرہ بھی کرتا ہے۔
ساتھ ہی، ہاتھ سے کچراٹھانے والوں کے طورپرروزگار کی ممانعت اوربحالی ایکٹ 2013کے التزامات کے مطابق، این سی ایس کے کو ایکٹ کے نفاذ کی نگرانی کرنے ، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو اس کے مؤثر نفاذ کیلئے مشورہ دینے اور ایکٹ کے التزامات کی خلاف ورزی/ عدم نفاذ کے تعلق سے شکایات کی جانچ کرنے کا کام سونپاگیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS