گوہاٹی: کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی نے کہا ہے کہ غیر قانونی مہاجروں کے مسئلے کو باہمی مذاکرے سے حل کیا جا سکتا ہے اور آسام میں ان کی پارٹی شہری ترمیمی قانون (سی اے اے ) کو نافذ نہیں ہونے دے گی۔ گاندھی نے اتوار کے روز ضلع شیوساگر میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ غیرقانونی مہاجر بھی ایک مسئلہ ہے اور آسام کے عوام میں اس مسئلے کا حل خود ہی بات چیت کرکے سلجھانے کی صلاحیت ہے ۔’نو سی اے اے‘ لکھا ہوا آسامی گمچھا پہنے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہاکہ اگر آسام کو کوئی نقصان ہوتا ہے تو یہ ملک کا نقصان ہوگا اور ہم کسی بھی قیمت پر یہاں سی اے اے کو نافذ نہیں ہونے دیں گے ۔ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو آسام کو توڑ سکے ۔ ہم دو ہمارے دو ہی آسام کو چلا رہے ہیں اور جس نے بھی آسام معاہدے کو چھونے اور نفرت پھیلانے کی کوشش کی تو اسے کانگریس پارٹی اور ریاست کے عوام بالکل بھی نہیں بخشیں گے ۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ سربانند سونووال کو دہلی اور ناگپور سے کنٹرول کیا جا رہا ہے اور اس کا ریموٹ کنٹرول وہاں بیٹھے لوگوں کے پاس ہے۔انہوں نے کانگریس کو چھوٹے کاروباریوں اور کارکنان کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم جب برسراقتدار آئیں گے تو بد نظمی کو ختم کر دیں گے اور تمام طبقات کے حقوق کی حفاظت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے آسام کے عوام کو متحد کیا ہے، اس سے قبل اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں تھی کہ تشدد کی وجہ سے کوئی عوامی جلسہ سے گھر بھی لوٹ پائے گا یا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اور کانگریس کے تمام کارکن آسام معاہدے کے اصولوں کا دفاع کریں گے، ہم اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ راہل گاندھی نے بی جے پی، آر ایس ایس پر آسام کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ وزیر اعظم مودی اور امت شاہ اس سے متاثر نہیں ہوں گے، لیکن آسام اور پورا ملک اس سے ضرور متاثر ہوگا۔آسام ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ’ہم دو، ہمارے دو‘ والے لوگ یہ سن لیں، ہم سی اے اے کو کبھی نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا نظام بالکل واضح ہے، آسام میں آگ لگاؤ، آسام کو تقسیم کرو اور جو کچھ آسام کا ہے، اسے لے لو! انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ بھی ’ہم دو، ہمارے دو‘نے حاصل کر لیا اور اب جو کچھ بھی باقی ہے وہ بھی لے لیا جائے گا۔راہل گاندھی نے کہا کہ ’’وہ جانتے ہیں کہ اگر یہاں آگ لگا دی جائے اور لوگوں کو تقسیم کر دیا جائے تو پھر یہاں کچھ نہیں بچے گا۔ وہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ اگر یہاں آگ لگائیں اور لوگوں کو تقسیم کر دیں تو جو لینا چاہتے ہیں وہ آسانی سے لے سکیں گے۔زرعی قوانین پر بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’اب وہ کھیتی کے تین بل لائے ہیں، جس سے کھیتی کے پورے نظام کو تباہ کرنے والے ہیں اور ہندوستان کا سب سے بڑا 80 کروڑ کا کاروبار کچھ لوگوں کے حوالہ کرنے جا رہے ہیں۔ جب تک ہم چھوٹے تاجروں کو، درمیانے کاروباریوں کو، کسانوں کو مضبوط نہیں کریں گے، اس وقت تک ملک میں روزگار پیدا نہیں ہو سکتا۔‘راہل گاندھی نے وزیر اعظم پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کووڈ-19 وبا کے دوران لوگوں کا پیسہ لوٹا اور اپنے دوستوں کا قرض معاف کردیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS