10سال پرانا ویڈیو شیئر کرکے جے ڈی یو کے صدر للن سنگھ نے وزیراعظم کو بنایا نشانہ

0

پٹنہ، (ایجنسیاں) :جے ڈی یو کے قومی صدر راجیو رنجن (للن سنگھ) نے ایک بار پھر وزیراعظم مودی اور ان کی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ اس بار انہوں نے ڈالر کے مقابلے ہندوستانی کرنسی کے کمزور ہونے پر مودی حکومت کو گھیر ا۔ للن سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریباً 10 سال پرانا ویڈیو شیئر کیا اور ان سے سوالات پوچھے ۔ للن سنگھ نے ٹوئٹ کر کے لکھاکہ محترم وزیر مالیات، ڈالر کے مقابلے روپیہ مسلسل گرتاجا رہا ہے، براہ کرم محترم وزیر اعظم کا سابقہ ردعمل سن لیجئے ۔ اور اس وقت ان کا ردعمل کیا ہے، یہ جاننے کے لیے ملک کے عوام بے چین ہیں! براہ کرم وزیر اعظم جی ملک کے عوام کو جواب دیں۔اس ٹوئٹ کے ساتھ للن سنگھ نے وزیراعظم مودی کا جو ویڈیو شیئر کیا ہے، اس میں نریندر مودی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ‘روپیہ اس طرح کیسے گر سکتا ہے۔ میں سرکار میں بیٹھا ہوں مجھے پتہ ہے۔اس طرح سے روپیہ گر ہی نہیں سکتا۔ یہ نیپال کا روپیہ نہیں گرتا، بنگلہ دیش کی کرنسی نہیں گرتی، پاکستان کی کرنسی نہیں گرتی، سری لنکا کی کرنسی نہیں گرتی۔ کیا وجہ ہے کہ ہندوستانی روپیہ گر رہا ہے؟ آپ کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ ملک آپ سے جواب مانگ رہا ہے۔ساتھ ہی ایک اور ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ نریندر مودی کہہ رہے ہیں کہ جس طرح سے ڈالر مضبوط ہوتاجا رہا ہے۔ روپیہ کمزور ہوتاجا رہا ہے۔ ہندوستان عالمی تجارت میں ٹک نہیں پائے گا۔ دہلی حکومت کوئی جواب نہیں دے رہی ہے۔ نیپال، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا کی کرنسی میں کوئی دقت نہیں ہے۔ ہمارے پڑوس میں چھوٹے ممالک کی کرنسی کو بھی ڈالر کے مقابلے میں نقصان نہیں ہو رہا ہے۔ ملک جاننا چاہتا ہے۔ کیا وجہ ہے کہ آج صرف ہندوستان کا روپیہ ہی ڈالر کے مقابلے میں گرتاہی چلاگیا۔ یہ صرف معاشی وجوہات کی بنا پر نہیں ہوا۔ یہ دہلی سے بدعنوان سیاست چل رہی ہے ، اس کی وجہ سے ہوا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے یہ ویڈیوز اس وقت کے ہیں جب وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ ہوا کرتے تھے۔ اس دوران وہ اکثر مرکز کی کانگریس حکومت کو گھیرتے رہتے تھے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS