حجاب معاملہ پر سپریم کورٹ میںسماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

0

نئی دہلی، (ایجنسیاں) : سپریم کورٹ نے ریاست کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی ہٹانے سے انکار کرنے والے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر جمعرات کو اپنا حکم محفوظ کر لیا۔ سپریم کورٹ نے 10دنوں کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ہے۔اب سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں یہ طے کرے گا کہ کرناٹک ہائی کورٹ کا دیا گیا فیصلہ صحیح ہے یا نہیں، چونکہ جسٹس ہیمنت گپتا 16 اکتوبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں، اس لیے کہا جا رہا ہے کہ حجاب پر پابندی کے معاملے میں فیصلہ اس سے پہلے ہی متوقع ہے۔دراصل کرناٹک ہائی کورٹ نے 15مارچ کو اڈپی میں گورنمنٹ پری یونیورسٹی گرلز کالج کی لڑکیوں کے ایک گروپ کی طرف سے دائر درخواستیںمسترد کردی تھیں، ان میں انہوں نے کلاس روم کے اندر حجاب پہننے کی اجازت دینے کی مانگ کی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ یہ (حجاب) مذہب اسلام میں ضروری مذہبی عمل کا حصہ نہیں ہے۔ اس کے بعد 5 فروری 2022 کے ایک حکم نامے میں ریاستی حکومت نے ایسے لباس پہننے پر پابندی عائد کر دی ہے جو مساوات، سالمیت اور عوامی انتظام میں رکاوٹ بنے۔ان کے پہننے پر ا سکولوں اور کالجوں میںپابندی لگا دی گئی۔ اس کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں کئی عرضیاں داخل کی گئیں۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس سدھانشو دھولیا کی بنچ نے آج اس معاملے میں اپنی سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS