گجرات اور حیدرآباد کے درمیان میچ میں گیند بازوں کا ہوگا اہم کردار

0

آئی پی ایل کی چوٹی کی دو ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ
ممبئی (یو این آئی) : آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل میں دو سرفہرست ٹیمیں گجرات ٹائٹنز اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان بدھ کے روز ہونے والے میچ میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ گجرات سات میچوں میں چھ جیت کے ساتھ 12 پوائنٹس کے ساتھ چوٹی پر ہے جبکہ حیدرآباد سات میچوں میں پانچ جیت کے ساتھ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات کا ہدف یہ میچ جیت کر سیمی فائنل کے قریب پہنچنا ہوگا۔ دوسری طرف حیدرآباد کا مقصد چھٹی جیت کے ساتھ ٹیبل میں چوٹی پر پہنچنا رہے گا۔
گجرات کے کپتان ہاردک پانڈیا اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں اور اپنے پورے چار اوور کی گیندبازی بھی کر رہے ہیں۔ ہاردک نے چھ اننگز میں 73.75 کی اوسط سے 295 رنز بنائے ہیں۔ وہ پورے چار اوورز کر رہے ہیں، تو ان کے لئے وکٹ لینے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ یہ میچ وانکھیڑے گراؤنڈ پر ہے ، جہاں ہاردک نے ممبئی انڈینس کے لیے کافی میچ کھیلے ہیں۔
حیدرآباد کے نوجوان ہندوستانی گیندبازعمران ملک گجرات کے لوکی فرگوسن کی 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا جواب تقریباً اسی رفتار سے دیں گے ۔ اس معاملے میں تاہم حیدرآباد کا پلڑا تھوڑا بھاری نظر آرہا ہے جس نے اپنے آخری میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کوصرف 68 رنز پرسمیٹ دیا تھا ۔ ٹیم کے چاروں تیز گیند باز زبردست فارم میں ہیں اور سبھی ایک دوسرے سے مختلف گیند بازی کے لیے معروف ہیں۔ نوجوان جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن (پانچ میچوں میں 6 وکٹیں) گیند کو باؤنس کے ساتھ سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ عمران (سات میچوں میں 10 وکٹیں) کی رفتار ہے ۔ یارکر کے ماہر ٹی نٹراجن (سات میچوں میں 15 وکٹیں) اور تجربہ کار بھونیشور کمار (سات میچوں میں نو وکٹ) بھی اچھی فارم میں ہیں۔
ٹیم کی کمزور کڑی اسپن باؤلنگ ہے جس میں زخمی واشنگٹن سندر کی جگہ جگدیش سچیت کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اسپن کے معاملے میں، گجرات کے پاس تجربہ کار راشد خان ہیں، جنہوں نے موجودہ سیزن میں زیادہ وکٹیں نہیں لیں لیکن رنز روکنے میں کامیاب رہے ۔ تیز گیند بازی میں فرگوسن کو محمد شامی (سات میچوں میں 10 وکٹیں) کا شاندار تعاون مل رہا ہے ۔ گجرات کی ٹیم کے لیے پاور پلے میں بلے بازی باعث تشویشن ہے ۔ شبمن گل نے دو بڑی اننگز کھیلی ہیں لیکن وہ سات میچوں میں صرف 207 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ میتھیو ویڈ کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے ریدھیمان ساہا بھی بلے سے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ٹیم کے پاس وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر افغانستان کے رحمان اللہ گرباز کی شکل میں متبادل موجود ہے لیکن انہیں موقع دینے کے لئے ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز الزاری جوزف کو پلیئنگ الیون سے باہر ہونا پڑ سکتا ہے ۔ ہاردک (چھ میچوں میں 295 رنز) کپتانی کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ٹیم کی بیٹنگ کا بوجھ بھی اٹھا سکتے ہیں۔ انہیں ڈیوڈ ملر (سات میچوں میں 220 رنز) کا اچھا تعاون ملا ہے لیکن ابھینو منوہر اور راہل تیوتیا کو فنشرز کے طور پر اپنی بیٹنگ میں مستقل مزاجی کی ضرورت ہوگی۔ حیدرآباد کے لیے ابھیشیک شرما (سات میچوں میں 220 رنز) اور راہل ترپاٹھی (سات میچوں میں 212 رنز) جیسے نوجوان بلے بازوں کی کارکردگی ٹیم کے لیے ایک مثبت پہلو ہے ۔ کپتان کین ولیمسن، ایڈن مارکرم اور وکٹ کیپر بلے باز نکولس پورن نے بھی بلے بازی سے اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔راہل ترپاٹھی حیدرآباد کے اب تک کے بہترین بلے باز ہیں۔ انہوں نے اس سیزن میں 53 کی اوسط اور 175.20 کی اوسط سے 212 رنز بنائے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS