کورونا سے تحفظ کیلئے بوسٹر ڈوز ضروری نہیں: ماہرین صحت

0
image:thetimesofindia

ریاض (ایجنسیاں) : سعودی ماہرین صحت کے مطابق کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگوانا غیر ضروری ہے۔ عرب نیوز کے مطابق نائب وزیر برائے صحت ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے کہا ہے کہ اگر ویکسین کی دو خوراکیں شدید بیماری، ہسپتال داخل ہونے اور اموات کو روکتی ہیں تو عام افراد کے لیے تیسری خوراک لینا کوئی معنی نہیں رکھتا۔ عبداللہ عسیری جو متعدی امراض کے مشیر بھی ہیں انہوں نے مزید کہا ہے کہ بہترین ویکسی نیشن کوریج کے اس مرحلے پر ہمیں کوویڈ 19 کے لیبارٹری ٹیسٹنگ کی دلیل اور طریقہ کار پر نظر ثانی کرنے اور بیماری کے تناظر سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے تبصرے عام افراد کے لیے فائزر اور بائیو ٹیک کی ویکسین کے مجوزہ بوسٹر شاٹس اور65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے تیسری بوسٹر ڈوز کی خبروں کے بعد سامنے آئے۔ دریں اثنا ریاض کے ایک ہسپتال میں متعدی امراض کے ماہر احمد الحقوی نے کہا ہیکہ ہر کسی کے لیے تیسری (بوسٹر) ڈوزکی منظوری کا مطالبہ اس حوالے سے ضروری نہیں۔ چھ ممالک کے152 علاقوں میں کووڈ ویکسین کی افادیت کے عنوان سے 6 ماہ تک ویکسین کی تحقیق میں45 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا جس کا نتیجہ 15 ستمبر کو شائع کیا گیا۔
دریں اثناء تونس نے سعودی عرب کی جانب سے بطور عطیہ دیے جانے والے 5 آکسیجن جنریٹرز ہفتے کی شام وصول کر لیے۔ یہ اقدام کرونا کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے سلسلے میں مملکت کی جانب سے تونس کی سپورٹ کا حصہ ہے۔ تونس کی پریذیڈنسی کے مطابق آکسیجن جنریٹرز کے حوالے کیے جانے کے موقع پر تونس میں سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز بن علی الصقر ، قائم مقام وزیر صحت علی مرابط اور ریاست کے متعدد ذمے داران موجود تھے۔ پریذیڈنسی نے واضح کیا کہ ان آکسیجن جنریٹرز کو قابس، بنزرت، دوز، متلوی اور بنقردان کے ہسپتالوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
تونس نے حال ہی میں آکسیجن سلنڈروں اور ہسپتالوں میں مطلوب طبی مشینوں اور مواد کی کئی کھیپیں وصول کیں۔ یہ تمام اشیاء سعودی عرب کی جانب سے پیش کی گئیں۔واضح رہے کہ مذکورہ تمام اشیا ء کنگ سلمان ریلیف اینڈ ریسکیو سینٹر کے ذریعے تونس پہنچائی جا رہی ہیں۔ ان اقدامات پر عمل درامد سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی خصوصی ہدایات پر ہو رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS