یوپی کے سرکاری اسپتالوں کے بورڈ اردو میں بھی لکھے جائیں گے

0

لکھنئو، (ایجنسیاں) : اترپردیش کے سرکاری اسپتالوں کے نام اب ہندی کے ساتھ اردو میں بھی لکھے جائیں گے۔ یہ ہدایات میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تمام اضلاع کے چیف میڈیکل آفیسرز کو جاری کی گئی ہیں۔ میڈیکل اینڈ ہیلتھ، فیملی ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے تمام افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ناموں کی تختیوں پر ہندی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی اپنے نام لکھیں۔
اناو¿ کے رہنے والے محمد ہارون نامی شخص نے ایک خط لکھ کر شکایت کی تھی کہ دوسری سرکاری زبان کے طور پر تسلیم کیے جانے کے باوجود یوپی کے مختلف محکموں میں اس پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ خط میں میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ میں بھی اس کی عدم تعمیل کی شکایت کی گئی تھی۔ اس کے بعد ریاست کے ڈائرکٹر ہیلتھ سنٹر ڈاکٹر شلیش کی جانب سے سرکاری حکم نامہ پر عمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سرکاری حکم نامہ کے بعد یوپی کے تمام 167 سرکاری ضلع اسپتالوں، 873 کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز (CHCs) اور 2934 بنیادی صحت مراکز کے نام ہندی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی لکھے جائیں گے۔ اسی کے ساتھ محکمہ کے دیگر افسران اور ملازمین بھی اپنے نام کی تختیوں پر ہندی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی اپنے نام لکھیں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ زبان نے7 اکتوبر 1989 کو اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس سلسلے میں 19 نومبر 1990 کو ایک سرکاری حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔ درمیان میں اس پر عمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی جاتی رہی ہیں، لیکن اس پر سختی سے عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔ اب ایک بار پھر محکمہ میڈیکل اور ہیلتھ نے اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS