میئر کے انتخاب میں بی جے پی بھی اپنا امیدوار کھڑا کرے گی!

کارپوریشن میں آپ کے 134، بی جے پی کے 104، کانگریس کے 9 کونسلر

0

نئی دہلی (ایس این بی)
بی جے پی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے انتخاب میں بھی اپنا امیدوار کھڑا کرے گی؟ پارٹی نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، وہ فی الحال حکمراں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے امیدوار کے نام کا انتظار کر رہی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی ورکنگ صدر وریندر سچدیوا نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ حکمراں پارٹی کے امیدوار کا نام سامنے آنے دیں، ہمارے پاس کارپوریٹروں کی اچھی تعداد ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 6 جنوری کو ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے 250 وارڈوں میں آپ کے 134، بی جے پی کے 104، کانگریس کے 9 اور باقی دیگر کونسلر ہیں۔ کارپوریشن انتخابات میں کونسلروں کی تعداد کی بنیاد پر آپ کو واضح اکثریت ملی ہے۔ریاستی بی جے پی نے واضح کر دیا ہے کہ پارٹی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر انتخاب میں آپ کو واک اوور نہیں دے گی۔ یعنی میئر کے انتخاب میں پارٹی اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ دراصل جمعرات کو ایل جی نے میئر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق میئر کا انتخاب 6 جنوری کو ہوگا۔ حالانکہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرو ٹیم کا تقرر نہیں کیا گیا ہے۔ انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی کارپوریشن میں انتخابی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ کارپوریشن ایکٹ کے مطابق پہلی بار میئر کا عہدہ خاتون کونسلر کے لیے مختص ہے۔ اس لیے تمام جماعتوں کو خواتین کونسلروں کو انتخابات میں کھڑا کرنا ہوگا۔ اگر ذرائع کی مانیں تو آپ نے بھی ابھی تک اپنے کارڈ نہیں کھولے ہیں۔ امید ہے کہ پارٹی میئر کے انتخاب کے لیے جلد ہی خاتون امیدوار کا اعلان کرے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ راجدھانی کے تمام ایم پی اور 20 فیصد ایم ایل ایز کو بھی میئر کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے کا حق ہے۔ اس تناظر میں 134 کونسلروں کے علاوہ آپ کے پاس بھی راجیہ سبھا کے تین ممبران اور کل 62 ایم ایل اے کے 20 فیصد کو ووٹ دینے کا حق ہے۔ وہیں بی جے پی کے قریب 104 کونسلروںکے علاوہ سبھی 7 ممبران پارلیمنٹ کے بھی ووٹ ہیں۔ حالانکہ بی جے پی کے پاس بھی 8 ایم ایل اے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS