ضمنی انتخابات میں بی جے پی سازش کر سکتی ہے : اکھلیش یادو

0

مین پوری (یو این آئی) : سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے مین پوری لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر گڑبڑ پیدا کرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کارکنوں سے چوکنا رہنے کی اپیل کی۔جمعہ کو کرہل اسمبلی حلقہ میں چودھری نتھو سنگھ انٹر کالج میں منعقدہ سیکٹر/بوتھ انچارجوں اور کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) عوام کے لیڈر رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ زمین سے جڑے رہے ہیں۔ اب یہ ہماری آپ کی ذمہ داری ہے کہ نیتا جی نے زمین پر رہ کر عوام کے لیے جو جدوجہد کی، اس جدوجہد کو مضبوط بناکر ووٹوں کے ذریعہ پارٹی امیدوار ڈمپل یادو کو تاریخی جیت دلائیں۔انہوں نے کہا کہ سماجی، اقتصادی اور سیاسی جنگ ابھی نامکمل ہے ۔ جہاں تک نیتا جی اس لڑائی کو لے کر آئے ہیں، اسے یہاں سے آگے لے جانا ہے ۔
کارکنوں کو خبردار کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی کچھ بھی سازش کر سکتی ہے ۔ ان کے لیڈروں کے بیانات سے صاف ظاہرہے ، لیکن مین پوری کے لوگ سماج وادی پارٹی کو کبھی بھی ہارنے نہیں دیں گے ۔ نیتا جی کا مین پوری کے ساتھ کئی دہائیوں سے رشتہ رہاہے ۔مسٹریادو نے کارکنوں اور لیڈروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس الیکشن کو اپنا الیکشن سمجھیں۔ اسمبلی انتخابات میں عوام نے سماجوادی حکومت بنانے کا ذہن بنا لیا تھا لیکن بی جے پی نے بے ایمانی سے کام لیا۔ یہ بات بی جے پی والے بھی جانتے ہیں۔ اگر آپ نتائج دیکھیں گے تو آپ کو پتہ چل جائے گا کہ انتظامیہ نے سماج وادی پارٹی کو کس طرح شکست دی ہے ۔ ودھان سبھا انتخابات میں اگر بوتھوں پر دوتین فیصد ووٹ اوربڑھالیاہوتا تو آج حکومت سماج وادی پارٹی کی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ اصل جدوجہد اور لڑائی کارکنان اور بوتھ ایجنٹس کرتے ہیں۔ یہ انتخاب سماج وادی پارٹی اور نیتا جی کے وقار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہے ۔ اس لیے بوتھ پر تیاری کے ساتھ مضبوطی سے ہر ووٹ سماج وادی پارٹی کے حق میں کریں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS