بی جے پی کا119 اراکین اسمبلی کےساتھ ہونے کا دعویٰ

    0

    بی جے پی کے سینئر رہنما چندرکانت پاٹل نے کہا کہ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ ارکین اسمبلی والی پارٹی کے بغیر حکومت بنانا مشکل ہے۔ بی جے پی کے اجلاس کے بعدپاٹل نے صحافیوں سے کہا کہ مہاراشٹر کے288اراکین اسمبلی میں سے 105 بی جے پی کے پاس ہیں ۔ علاوہ ازیں دیگر پارٹیوں کے 14اراکین اسمبلی بھی ہماری حمایت کر رہے ہیں۔ اس لحاظ سے ہماری تعداد 119ہوگئی ہے، لہٰذا جس پارٹی کے پاس 119اراکین اسمبلی ہوں، اس کے بغیر حکومت بنانا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی قیادت میں اجلاس ہوا، جس میں طے کیا گیا کہ بے موسم بارش کی وجہ سے کسانوں کی فصل کو بے حد نقصان پہنچا ہے، لہٰذا تمام اراکین اسمبلی سے کہا گیا کہ وہ اپنے اپنے حلقے میں جاکر کسانوں کی مدد کریں۔

     مسٹر پاٹل نے کہا کہ فصل کا بیمہ کرایا گیا تھا، لہٰذا زیادہ سے زیادہ کسانوں کو بیمہ کی رقم ملنی چاہیے اور اس کےلئے بی جے پی کے تمام رکن اسمبلی اور کارکنان کسانوں کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں بی جے پی کی تنظیم کو بوتھ کی سطح پر پہلے سے زیادہ مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پاٹل نے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں 59میں سے 55سیٹوں پر بی جے پی دوسرے نمبر پر تھی۔رافیل جنگی طیارے کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کے الیکشن کے وقت کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے عوام کو گمراہ کیا تھا۔ سپریم کورٹ میں مسٹر گاندھی اس سلسلے میں معذت خواہی کر چکے ہیں لیکن انھیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے ۔ اگر انہوں نے عوام سے معافی نہیں مانگی تو بی جے پی تحریک چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں بی جے پی کی ہی حکومت بنے گی اور بی جے پی کا ہی وزیر اعلیٰ ہوگا۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS