پٹنہ: بہار میں تیسرے اور آخری مرحلے میں پندرہ اضلاع اور 78 اسمبلی نشستوں کے لئے اور والمیکی نگر لوک سبھا نشست کے ضمنی انتخابات میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ آج صبح 7 بجے سے شروع ہوگئی۔
ریاستی الیکشن آفس کے مطابق ان 78 اسمبلی نشستوں کے لئے 33782 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی،جو شام چھ بجے تک چلے گی۔ لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بنا پرمغربی چمپارن ضلع میں والمیکی نگر اور رام نگر(محفوظ)اور ضلع سہرسہ کے سمری بختیار پور اور مہیشی اسمبلی حلقوں میں صبح سات بجے سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی۔ والمیکی نگر پارلیمانی حلقہ کے لئے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ بھی صبح سات بجے شروع ہوگئی۔
ضلع نالندہ کے ہلسا اسمبلی حلقہ کی تین ووٹنگ سینٹر کی دوبارہ پولنگ بھی ہورہی ہے۔ اس حلقے کے پولنگ بوتھ نمبر 52، 52(الف) اور 55 کی دوبارہ ووٹنگ کرائی جارہی ہے۔ 3 نومبر کو ہلسا میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد بیلٹ باکس کو اسٹور روم میں لے جایا جارہا تھا ،اس دوران حادثے کی وجہ سے تین پولنگ بوتھوں کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم)پانی میں گر گئی۔ اس کی اطلاع فوری طور پر کمیشن کو دی گئیں۔ اس کے بعد کمیشن نے دوبارہ انتخابات کا حکم دیا۔
پندرہ اضلاع کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندگان صبح سے ہی قطار میں کھڑے ہیں۔ دیہی علاقوں میں جلد ووٹ ڈالنے کے خواہاں رائے دہندگان کی قطاریں لمبی ہوتی جارہی ہیں۔ تمام حلقوں میں پر امن ووٹنگ کے لئے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پیرا ملٹری فورسزکو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گھڑسوار اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی سماج دشمن عناصرکی نگرانی کی جارہی ہے۔ ہنگامی صورتحال کے لئے ہیلی کاپٹر بھی تعینات کردیئے گئے ہیں۔ کورونا مدت میں ملک کے پہلے بڑے انتخابات میں رائے دہندگان اور ووٹنگ کے کارکنوں کو کورونا سے بچانے کیلئے بھی وسیع تر انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر سینی ٹائزر ، دستانے اور ماسک کا انتظام کیا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے پہلے تمام ووٹرز کی تھرمل اسکیننگ کی جارہی ہے۔
تیسرے مرحلے میں ، 120 خواتین اور 1094 مرد امیدواروں سمیت 1204 امیدوار 78 اسمبلی نشستوں کے لئے انتخابی میدان میں ہیں۔ آج 33782 پولنگ بوتھوں پر دو کروڑ 35 لاکھ 54 ہزار 71 رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے امیدواروں کی تقدیر کا فیصلہ کرکے انہیں ای وی ایم میں قید کردیں گے۔ ان میں ایک کروڑ 23 لاکھ 25 ہزار 780 مرد ، ایک کروڑ 12 لاکھ پانچ ہزار 378 خواتین ، 894 تھرڈ جینڈر اور 22019 سروسز کے ووٹر شامل ہیں۔ سروس ووٹرز میں 21019 مرد اور ایک ہزار خواتین ہیں۔
بہار میں تیسرے مرحلے میں پندرہ اضلاع اور78 اسمبلی نشستوں کے لئے پولنگ کا آغاز
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS