ارجن تندولکر کو جھٹکا،ممبئی ٹیم میں نہیں ملی جگہ

0

ممبئی: سچن تندولکر کے بیٹے ارجن تندولکر کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ انہیں وجئے ہزارے ٹرافی کے لیے ممبئی کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ آئی پی ایل کے آئندہ سیزن میں شرکت کرنے کے لیے تیار ارجن تندولکر کو ممبئی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان تھا لیکن بدھ کے روز اعلان شدہ اسکواڈ میں ان کا نام شامل نہیں تھا۔ لیجنڈ کرکٹر کے بیٹے نے آئی پی ایل 2021کی نیلامی میں اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس سے پہلے ممبئی ٹیم میں جگہ نہیں ملنے سے انہیں جھٹکا لگا ہے۔
ادھر 20فروری سے شروع ہونے والے وجے ہزارے ٹرافی کے لیے ممبئی ٹیم کی قیادت قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز شنکر ایئر کو سونپی گئی ہے جبکہ پرتھوی شا اس ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔ یاد رہے کہ ارجن تندولکر کو سید مشتاق علی ٹرافی کے لیے ممبئی کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے ہریانہ کے خلاف ڈبییو کیا تھا، تاہم وہ موقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکے تھے اور بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ہندوستان کی گھریلو کرکٹ ٹورنامنٹ وجئے ہزارے ٹرافی 20فروری سے 14مارچ تک ملک کے چھ شہروں،سورت،اندور،بنگلورو،جے پور،کولکاتا اور چنئی میں ہوگی۔
ممبئی کے 22 رکنی دستہ میں یشاسوی جیسوال،سوریا کمار یادو اور توشر دیشپانڈے بھی شامل ہیں۔ ممبئی دہلی،مہاراشٹر،ہماچل پردیش،راجستھان اور پڈوچیری کے ساتھ ایلیٹ گروپ ڈی میں ہے اور اس گروپ کے مقابلے جے پور میں ہوگی۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں 38 ٹیمیں حصہ لیں گی،جنہیں چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹیموں کو پانچ ایلیٹ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،جس میں ہر گروپ میں چھ ٹیمیں شامل ہیں ، جبکہ ایک پلیٹ گروپ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہے۔ ایلیٹ گروپ ٹیموں کو اے،بی،سی،ڈی اور ای زمرے میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ممبئی ٹیم: شریاس آئیر(کپتان)،پرتھوی شا (نائب کپتان)،سوریا کمار یادو ، یشاسوی جیسوال،اخیل ہروادکر، سرفراز خان،چنمائی ستر،آدتیہ تارے،ہاردک تیمور،شیوم دوبے،آکاش پارکر،عاطف عطر والا،شمس ملانی ،آتھرو انکولیکر،سائی راج پاٹل،سجیت نائک،تنوش کوٹیاں،پرشانت سولنکی،دھون کلکرنی،توشار دیشپانڈے ، سدھارتھ راوت اور موہت اوستی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS