ایلگار پریشد میں ماؤنوازوں کے ساتھ رشتے رکھنے کے الزام میں گرفتار 83 سالہ انسانی حقوق کے کارکن فادر اسٹین سوامی کو جمعہ کے روز ممبئی میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے 23 اکتوبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔انہیں جمعرات شام کو رانچی میں واقع ان کی رہائش گاہ سے این آئی اے نے گرفتار کیا تھااور جمعہ کے روز خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ تفتیشی ایجنسی نے تحویل کی مانگ نہیں کی تھی۔ پنے پولیس اور این آئی اے دو بار سوامی سے پوچھ گچھ کرچکی ہے۔ این آئی اے افسران کے مطابق سوامی کوممنوعہ سی پی آئی (ماؤ نواز) سے مبینہ تعلقات کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ اس معاملے میں گرفتارکئے گئے وہ 16 ویں شخص ہیں۔ ملزمین کے خلاف آئی پی سی اور یو اے پی اے کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔دریں اثنااین آئی اے نے مہاراشٹر کے بھیما-کورے گاؤں میں ہوئے تشدد کے معاملے میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ چارج شیٹ میں 8 لوگوں کے آنند تیل تمبڈے ، گوتم نولکھا جیسے بڑے سماجی کارکنا ن ، دہلی یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ہنی بابو ، ساگر گورکھے ، رمیش گئچور ، جیوتی جگتاپ ، اسٹین سوامی اور ملند تیل تمبڈے کے نام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 31 دسمبر 2017 کو پنے کے بھیما-کوریگاؤں میں ایک پروگرام میں تشدد پھیل گیا ، جس میں ایک شخص کی موت ہوگئی تھی۔ انسداد دہشت گردی کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایلگارپریشد میں ملے کارکنان نے اس کے لئے سازش رچی تھی اور اشتعال انگیز تقاریر کی تھیں ، جس کی وجہ سے اگلے دن تشدد بھڑکاتھا۔
آٹھ ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS