فاتح قرار دئے بغیر باسکٹ بال یورو لیگ منسوخ

0

پیرس: باسکٹ بال یورو لیگ سیزن 2019-20 کوکورونا وائرس وبا کی وجہ سے بغیر فاتح قرار دئے ہی منسوخ کر دیا گیا ہے۔منتظمین نے بیان میں کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ نے ہرممکن اختیارات تلاش کرنے کے بعد ترکی ایئرلائنز یورو لیگ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں لیا گیا تھا۔ گذشتہ 12 مارچ کو یورو لیگ سیزن روکنے کے بعد اس طرح کی یہ چوتھی میٹنگ تھی۔
اہم تشویش اب بھی لوگوں کی صحت ہے اور 'مقامی حکام کے اپنے شہریوں کی سرگرمیوں پرمختلف طرح سے پابندی لگائے جانے' کا حوالہ دیا گیا تھا۔جس کا مطلب تھا کہ ٹیمیں اپنا تربیتی کیمپ منعقد نہیں کر سکتی تھیں اور محدود حالات میں میچوں کی تیاری کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
ایگزیکٹو بورڈ نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی ٹیم کو اس مقابلے کا فاتح قرار نہیں دیا جائے گا۔یورو لیگ کے صدر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جورڈي برٹوميو نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری 20 سال کی تاریخ میں لیا گیا یہ سب سے مشکل فیصلہ ہے۔ ہمیں یورپی باسکٹ بال تاریخ کے سب سے زیادہ کامیاب اور دلچسپ سیزن کو ملتوی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔اس مقابلے کے 38 میں سے 28 میچ کھیلے جا چکے تھے اور ترکی کے ایفیس استنبول 24 جیت کے ساتھ ٹیبل میں پہلے نمبر پر تھا اور وہ بارسلونا اور ریال میڈرڈ دونوں سے آگے تھا جنہوں نے 22-22 میچ جیتے تھے۔ 2020-21 سیزن کا آغاز ایک اکتوبر سے ممکن ہے اور اس میں انہی 18 ٹیموں کو شامل کیا جائے گا جنہوں نے اس سیزن میں حصہ لیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS