یوپی: ایک ماہ کے اندر 17بڑے لیڈروں نے بی جے پی کا ساتھ چھوڑا

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : گزشتہ مہینے یعنی 11دسمبرسے لے کر 11جنوری کے درمیان بی جے پی کے 17بڑے لیڈروں نے پارٹی کا ساتھ چھوڑ دیاہے۔ ان میں یوگی کے ایک کابینہ وزیر سمیت 11ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں۔ سوامی پرساد موریہ کے استعفیٰ کے بعد بی جے پی کے 7 مزید ارکان اسمبلی نے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔ ان استعفوں کے بعد بی جے پی سے استعفیٰ دینے والے ارکان اسمبلی کی تعداد 11ہوگئی ہے۔ سوامی پرساد موریہ بی جے پی چھوڑنے کا سب سے بڑا چہرہ ہیں۔ بی جے پی میں آنے سے قبل وہ بہوجن سماج پارٹی میں تھے۔بدایوں ضلع کے بلسی سے بی جے پی رکن اسمبلی رادھا کرشن شرما حال ہی میں سماج وادی پارٹی میںشامل ہوئے۔ سیتاپور سے بی جے پی رکن اسمبلی راکیش راٹھور بھی سماج وادی پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔ بہرائچ کے نان پاڑہ سے رکن اسمبلی مادھوری ورما نے بھی بی جے پی چھوڑ کر سماج وادی پارٹی کا دامن تھام لیاہے۔ اکھلیش یادو نے خود انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی تھی۔ بلیا کی چلک لہر اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی رام اقبال سنگھ سماج وادی پارٹی کا دامن تھام چکے ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان جے پرکاش پانڈے اپنے حامیوں کے ساتھ ایس پی میں شامل ہوچکے ہیں۔ بی جے پی مانیٹرنگ مورچہ کے ریاستی جنرل سکریٹری اشوک کمار ورما کو بھی اکھلیش یادو نے سماج وادی پارٹی کی رکنیت دلائی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS