آسام سرکار ضلع وار مذہبی اقلیت طے کرنے کے حق میں

0

گوہاٹی(پی ٹی آئی) آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسواسرما نے بدھ کو کہا کہ ریاستی سرکار قومی بنیادپر اقلیتوں کا اعلان کرنے کے ضابطہ کے بجائے ضلع وار مذہبی گروپوں کو اقلیتی درجہ دینے کے حق میں ہے۔سرما نے اسمبلی میں کہاکہ ریاستی سرکار سپریم کورٹ میں وکیل اشونی کمار اپادھیائے کی جانب سے دائر معاملے میں ایک فریق بننے کی کوشش کرے گی، تاکہ ریاستی سطح پر اقلیتوں کی شناخت کرنے کیلئے رہنما ضابطہ تیار کیا جاسکے۔ سرما نے کہا کہ ’آسام سرکار کا موقف ہے کہ ضلع وار اقلیت کی تعریف بدلنی چاہئے۔حالانکہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور ہم حکم کا انتظار کریں گے‘۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرکزی سرکار بھی ضلع وار اور بلاک سطح پر اقلیتوں کی تعریف وضع کرنے کے حق میں ہے، جس کیلئے ان کے اقتصادی، تعلیمی، جنسی اور دیگر پیمانوں کو دھیان میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی سرکار نے اشونی کمار اپادھیائے کے معاملے میں حال ہی میں سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ دائر کیا، جس میں کہا گیا کہ ریاستی سرکاریں ہندو سمیت کسی مذہبی یا لسانی کمیونٹی کو اس ریاست میں اقلیت قرار دے سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آئین میں کسی لسانی یا مذہبی اقلیت کی تعریف نہیں ہے، بلکہ اس میں صرف ان دونوں طرح کی اقلیتوں کے حقوق کی بات کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں چل رہے معاملے میں ریاستی سرکار کو فریق بنانے کے کانگریس رکن اسمبلی رقیب الحسن کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے سرما نے کہاکہ اس سلسلے میں انہوں نے منگل کو مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ سے بات کی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS