ہندوستان اور ملیشیا کے درمیان سپر فور کا میچ 3-3 سے ڈرا ہوا

0

جکارتہ(یو این آئی) : انڈونیشیا کی راجدھانی جکارتہ میں جاری ہاکی ہیرو ایشیا کپ میں ہندوستان اور ملیشیا کے درمیان ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ برابری پر ختم ہوگیا۔اتوار کو جی بی کے ایرینا میں ہونے والے میچ میں وشنوکانت سنگھ، سنجیپ جیس اور سنیل سومپریت نے ہندوستان کے لیے ایک ایک گول کیا جبکہ ملائیشیا کے لیے تینوں گول رضی رحیم نے کیے تھے ۔میچ کا پہلا اور دوسرا کوارٹر ملائیشیا کے حق میں رہا۔ پہلے کوارٹر کے 11ویں منٹ میں پنالٹی کارنر اور دوسرے کوارٹر کے 20ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو رضی رحیم نے گول میں تبدیل کر کے ملائیشیا کو 2-0 کی برتری دلائی، تاہم پون راج بھر کو فیلڈ میں اتارا گیا جنہوں نے مقابلے کا رخ بدلتے ہوئے ملائشیا کے مواقع ختم کرنا شروع کردیا۔ تیسرے کوارٹر میں واپسی کرتے ہوئے سنگھ وشنوکانت نے ہندوستان کے لیے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل دیا۔
چوتھے کوارٹر میں 1-2 سے پیچھے چل رہے ہندوستان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور میچ کے 52ویں منٹ میں سنیل سومپریت نے گول کر کے میچ کو 2-2 سے برابر کر دیا۔ دو منٹ بعد سنجیپ جیس نے پنالٹی کارنر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان کی برتری کو 3-2 کردیا۔گول ہوتے ہی ملیشیا نے میچ میں واپسی کی اور میچ کے 54ویں منٹ میں رحیم نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل دیا جس سے میچ 3-3 سے برابر ہوگیا اور ملیشیا نے راحت کی سانس لی۔راج بھر کو ان کے شاندار کھیل کے لیے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس ڈرا سے قبل ہندوستان نے ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں جاپان کو 2-1 سے شکست دی تھی۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ 31مئی کو کوریا کے خلاف ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS