کورونا وائرس بحران میں مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع کم ہوئے تو متعدد دیگر نئے شعبے روزگار دینے کے قابل بن کر سامنے آئے: ماہرین

0

نئی دہلی: عالمی وبا کورونا وائرس 'کووڈ ۔19'  کے بحران سے انسانی وسائل میں بڑی تبدیلیاں پیدا ہوئی ہيں، جن کی وجہ سے مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع کم ہوگئے ہیں، جبکہ متعدد دیگر شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
پیپل میٹرس ٹیک ایچ آر 2020 کی پانچ روزہ ورچوئل کانفرنس میں شرکت کرنے والے ماہرین نے یہ انکشاف کیا ہے۔ ایشیاء کی اس سب سے بڑی ایچ آر اور ورک ٹیک کانفرنس میں 42 ممالک کے 5000 سے زیادہ ایچ آر اور کاروباری سربراہوں نے شرکت کی اور اس میں 5.6 کروڑ  افراد سوشل میڈیا کے ذریعہ اس میں شامل ہوئے۔
اس ورچوئل کانفرنس میں موجودہ چیلنجوں سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میں اسکالر ٹریڈر اور رسک ایکسپرٹ نسیم نکولس طالب، پیرامل گروپ کے صدر اجے پیرامل، سیلز فورس کی چیئرپرسن اور سی ای او اروندھتی بھٹاچاریہ، اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے گروپ ہیڈ تنوج کپیلاشرمی سمیت متعدد مشہور شخصیات نے شرکت کی۔ 
نسیم نکولس طالب نے کہا کہ چیلنجوں سے علیحدگی اختیار کرنا یا چیلنجوں کو کچھ نہ سمجھنا کوئی آپشن نہیں ہے۔ بلکہ چیلنجوں سے سبق سیکھنا ضروری ہے۔ ایچ آر کے تجزیہ کار جوش بیرسن نے کہا کہ ایچ آر کا آپریٹنگ ماڈل بدل رہا ہے۔ ہمیں زیادہ پائیدار اور بہتر ماڈل بنانا ہوں گے۔
ماہرین نے بتایا کہ اس وقت وسیع پیمانے پر تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ لاکھوں ملازمتیں ختم ہورہی ہیں اور لاکھوں نئی ​​قسم کے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں۔ اس وقت پورے ڈھانچے کو دوبارہ ڈیزائن کرنے کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کے مطابق، کووڈ 19کی عالمی وبا اور چوتھے صنعتی انقلاب سے پیدا ہونے والی تبدیلیاں تقریبا 50 فیصد لوگوں کے روزگار یا معاش پر اثرانداز ہوں گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS