غریب طلبا کو تعلیم سے محروم کرنے کا این ایس یو آئی کا یونیورسٹی پر الزام

0

ڈی یو میں 100فیصد کٹ آف سے طلبا پریشان
نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) سے الحاق شدہ کالجوں میں 100فیصد کٹ آف آنے سے وہ طلبا پریشان ہوگئے ہیں جنہوںنے 12ویں کلاس کے امتحان میں 90فیصد سے زائد نمبرات حاصل کیے ہیں۔ اب وہ متبادل پر غورکررہے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ ڈی یو میں داخلہ پانے کا ان کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوپائے گا۔ ڈی یو نے گریجویشن کورسز میں داخلہ کے لیے جمعہ کو پہلی کٹ آف فہرست جاری کی ہے جس میں شری رام کالج آف کامرس (ایس آر سی سی) اور ہندو کالج جیسے معروف کالجوں میں مختلف کورسوں کے لیے کٹ آف 100فیصد ہے۔ چنڈی گڑھ کی بھاویکا نے بیسٹ آف فور سبجیکٹ میں 95.5 فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں اور وہ یا تو لیڈی شری رام کالج یا شری رام کالج آف کامرس سے اکنامکس میں گریجویشن کرنا چاہتی ہے۔ اس نے بتایا کہ ڈی یو کا کٹ آف دیکھ کر اس وقت ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے خواب ادھورا رہ جائے گا۔
اترپردیش کے رتول کی روشنی ظہور نے اپنے بیسٹ فور سبجیکٹ میں 94.75فیصد تک نمبرات حاصل کیا ہے اور وہ نارتھ کیمپس کے کالج سے تاریخ میں گریجویشن کرنا چاہتی ہے۔ ظہور نے کہا کہ کٹ آف بہت زیادہ ہے اور وہ کیمپس کے کالجوں میں پہلی فہرست داخلہ نہیں لے پائے گی، حالانکہ دیش بندھو کالج اور آریہ بھٹ کالج میں اسے داخلہ مل سکتا ہے۔
دریں اثنا دہلی یونیورسٹی ٹیچرس ایسوسی ایشن (ڈوٹا) کی خازن ڈاکٹر آبھا دیو حبیب نے کہا کہ طلبا کو مایوس نہیں ہونا چاہیے اور آگے کے کٹ آف کا انتظار کرنا چاہیے۔ اندرپرستھ کالج فار ویمن کی پرنسپل ڈاکٹر ببلی مائترا صراف نے کہا کہ پہلی لسٹ میں کٹ آف میں باری نہ آنے پر طلبا کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
دوسری جانب نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے دہلی یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجوں کی ہائی کٹ آف کی مخالفت کی ہے، حال ہی میں دہلی یونیورسٹی نے اپنی پہلی کٹ آف لسٹ جاری کی ہے۔ اس میں زیادہ تر کالجوں کی کٹ آف 100فیصد گئی ہے۔ این ایس یو آئی نے 100فیصد کٹ آف کی مخالفت کرتے ہوئے اسے غریب طلبا کو تعلیم سے محروم کرنے کا یونیورسٹی پر الزام لگایا ہے۔ این ایس یو آئی کے قومی صدر نیرج کندن کا کہنا ہے کہ کورونا دور طلبا کے لیے سب سے زیادہ خطرناک رہا ہے، طلبا تعلیم سے کٹ گئے تھے۔ غریب طبقہ کے طلبا آن ائن تعلیم ہونے کے سبب فون اور انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم نہیں لے پائے تھے۔ایسے میں ان کے نمبرات بہت کم آئے ہیں اور ڈی یو کی کٹ آف 100فیصد آنے سے طلبا تعلیم سے دور ہوجائیںگے اور ڈی یو میں داخلہ لینا ان کے لیے صرف خواب ہی رہ جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS