آرین کی ضمانت عرضی پر آج پھر ہوگی ہائی کورٹ میں سماعت

0

ممبئی (ایجنسیاں) : فلم اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو آج بھی ضمانت نہیں مل پائی۔ دراصل ضمانت کی عرضی پر آج سماعت مکمل نہیں ہوپائی،اب کل سماعت ہوگی۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں آگے کی سماعت کیلئے بدھ ڈھائی بجے کا وقت طے کیا ہے ۔ آرین کی جانب سے عدالت میں سینئر وکیل اور سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے منگل کو اپنی دلیلیں پیش کیں۔ اب اس معاملے میں بدھ کو ملزم ارباز مرچنٹ کی ضمانت پر وکیل امت ڈیسائی اپنی دلیل پوری کریں گے۔ ڈیسائی آج بھی عدالت میں دلیل دے رہے تھے ، تو عدالت نے ان سے پوچھا کہ آپ کو کتنا وقت لگے گا۔ ڈیسائی نے 45منٹ کا وقت مانگا۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے پیش وکیل انل سنگھ نے بھی اپنی بات رکھنے کیلئے عدلت سے 45منٹ کا وقت مانگا۔ اس کے بعد عدالت نے سماعت بدھ تک کیلئے ملتوی کردی۔آرین کے وکیل روہتگی نے عدالت میں دلیل دی کہ موکل کے پاس کچھ نہیں ملا اور نہ ہی اس کا طبی معائنہ کرایا گیا، جس سے یہ ظاہر ہو کہ وہ نشے میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ارباز مرچنٹ کے جوتوں سے 6گرام چرس ملی ہے، لیکن مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا، سوائے اس کے کہ وہ میرے آرین کا دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرین کے خلاف کچھ نہیں ملا۔ روہتگی نے 3اکتوبر کو آرین کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موبائل چیٹ میں کیا ہے، یہ ثابت ہونا باقی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیٹ کا کروز ڈرگ پارٹی کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایسے میں کسی کو جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔روہتگی نے کہاکہ این سی بی پرانی چیٹ کا ذکر کررہا ہے اور اس کی بنیاد پر یہ کہہ رہا ہے کہ آرین کاایسے کچھ لوگوں سے لینا دینا ہے۔ جب میں باہر تھا تو یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ اس کا انٹرنیشنل لنک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت چھوٹا معاملہ ہے اور آرین کے گھر والوں (والد) کی وجہ سے اس معاملہ کو اتنا ہائی لائٹ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ اگر نشہ کرنے میںملوث ہو تب بھی اس شخص کی باز آبادی ہونی چاہیے۔ ایسے میں لوگوں کو جیل میں ڈالنے کی کوئی منشا نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ سماجی انصاف کی وزارت اصلاحات کی باتیں کرتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرین کی عمر 23سال ہے اور اس نے کیلیفورنیا سے گریجویشن کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان واپس آیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آرین کروز کا کسٹمر بھی نہیں تھا۔ اسے مہمان کے طور پر گابا نے مدعو کیا تھا۔
واضح رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز ڈرگس معاملے میں گرفتار آرین خان کی ضمانت کی عرضی کی بمبئی ہائی کورٹ کے سامنے منگل کو ایک بار پھر مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزم بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹا ہونے کے سبب اثر و رسوخ رکھتا ہے اور جانچ کے عمل میں مداخلت کرسکتا ہے۔ این سی بی نے جسٹس این ڈبلیو سانبرے کے سامنے دائر حلف نامے میں دعویٰ کیا کہ آرین اور شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کررہی تھیں۔ این سی بی کے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ دولانی نے اب تک چل رہی جانچ میں پانچ گواہ کو متاثر کیا ہے۔
پانچ گواہ پربھاکر سیل کے حلف نامے کی وضاحت کرتے ہوئے این سی بی نے اسے جانچ کے درمیان شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور گواہوں کو متاثر کرنے کی واضح مثال قرار دیا اور کہا کہ آرین کی ضمانت کی عرضی کو تنہا اس بنیاد پر اور ساتھ ہی دیگر اسباب سے خارج کردیا جانا چاہیے ۔مرکزی ایجنسی نے اپنے جوابی حلف نامے میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ تحقیقات میں آرین کے بین الاقوامی روابط کا انکشاف ہوا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف منشیات کا صارف ہے، جیسا کہ اس نے دعویٰ کیا ہے، بلکہ بادی النظر میں غیر قانونی خریداری کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے۔
حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ اس درخواست دہندہ (آرین خان) کی اس معاملے میں دیگر ملزمین کے ساتھ ساز باز اور تعلق کے پیش نظر، این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سمیت سنگین جرائم میں اس کا کردار واضح ہے ۔ اس میں کہا گیا کہ اس کیس میں دیگر ملزمان سے معتدل مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہیں، اس لیے آرین خان کے کیس کو الگ تھلگ نہیں دیکھا جا سکتا۔ این سی بی کے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ سازشی عناصر واضح ہیں۔ ایسے معاملات میں ملزم سے منشیات کی برآمدگی کی مقدار اہمیت نہیں رکھتی۔ ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ وہ ابھی بھی معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور چارج شیٹ داخل کرنے کی ضرورت ہے ۔این سی بی نے کہا کہ ایجنسی کو ملزم کے بین الاقوامی تعلقات کی صحیح طریقے سے چھان بین کیلئے وافر وقت درکار ہے، تاکہ مناسب چینل کے ذریعے متعلقہ غیر ملکی ایجنسی سے رابطہ کیا جا سکے۔ اس نے کہا کہ اس سارے عمل کیلئے انھیں کچھ اور وقت درکار ہے۔ این سی بی کے جواب اور ضمانت کی درخواست پر اب آرین کے وکیل، سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی، امت دیسائی اور ستیش مانے شنڈے جیسے سینئر وکیلا اپنے اپنے دلائل پیش کریں گے۔ این سی بی کے جواب کے ردعمل میں، آرین کے وکیلوں نے عدالت میں ایک اضافی نوٹ پیش کیا، جس میں کہا گیا کہ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے اور کچھ سیاسی شخصیات کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔نوٹ میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار (آرین خان) نے محکمہ پراسکیوشن میں کسی شخص کے خلاف کوئی الزام نہیں لگایا ہے ۔ آرین خان کے کیس کا ایک آزاد گواہ پربھاکر سائل سے کوئی تعلق نہیں ہے ، جس نے وانکھیڑے اور دیگر کے خلاف جبری وصولی کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔ آرین خان کے علاوہ 2 دیگر ملزمان ارباز مرچنٹ اور منمون دھامیچا کی ضمانت کی درخواستوں پر بھی آج بعد میں سماعت متوقع ہے ۔ تمام کو این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت نے 30اکتوبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS