مرکز نے ’گھرگھر راشن اسکیم‘پر لگائی روک
نئی دہلی:(اظہارالحسن،ایس این بی):مرکزی سرکار نے’وزیر اعلیٰ گھر گھر راشن اسکیم‘کو لانچ کرنے پر روک لگا دی ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال 25مارچ کو سیما پوری علاقے میں 100 گھروں تک راشن پہنچا کر اس اسکیم کی شروعات کرنے والے تھے۔ مرکزی سرکار کی وزارت صارفین نے دہلی سرکار کے خوراک سکریٹری کو خط لکھ کر کہا ہے کہ نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ (این ایف ایس اے )کے تحت غریب عوام کیلئے سستا اناج بھیجا جاتا ہے۔مرکزی سرکار کے بھیجے گئے سستا اناج کو کسی ریاستی سرکار کے ذریعہ کسی دیگر اسکیم کے تحت یا کسی دیگر نام سے تقسیم نہیں کیا جاسکتا ہے۔مرکزی سرکار کے ایکٹ کے تحت اس بات کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔


مرکزی سرکار کی وزارت صارفین نے واضح کیا ہے کہ نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے تحت بھیجے گئے اناج کا استعمال کئے بغیر دہلی سرکارکو کوئی دیگر منصوبہ چلانا ہے تو وزارت صارفین کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔وزیر اعلیٰ گھر گھر راشن اسکیم کے تحت دہلی سرکار نے آٹا،چاول،چینی وغیرہ راجدھانی کے تقریباً 17 لاکھ لوگوں کو ڈو ر اسٹیپ ڈلیوری کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس منصوبہ کے تحت راشن کی پیکیجنگ کرنے اور گھر تک پہنچانے کیلئے ایجنسی کو نامزد کرنے کیلئے دہلی سرکار نے ٹینڈر جاری کردیا تھا اور منصوبہ کو 25فروری سے لانچ کیا جانا تھا۔ چاول کی جگہ پر پیکیج چاول اور گہوں کی جگہ پر پیکیج آٹا کی سپلائی کرنے کا منصوبہ تھا۔ دہلی سرکار کے ذریعہ اس منصوبہ کے تحت اناج گودام سے لینے، پیکیجنگ کرنے اور راجدھانی کے 17لاکھ غریبوں کے گھر تک پہنچانے کا کام سی سی ٹی وی،جی پی ایس نظام اور بایو میٹرک سسٹم کے تحت پورا کیا جانا تھا، لیکن جمعہ کو مرکزی سرکار کے وزارت فوڈ کے خط کے بعد اس منصوبہ کی لانچنگ ممکن نہیں دکھائی دے رہی ہے۔اے اے پی سرکار کا دعویٰ ہے کہ راشن کی ڈور ٹو ڈور اسٹیپ ڈلیوری نظام شروع ہونے کے بعد راجدھانی میں راشن کی کالا بازاری روکنے اور راشن مافیا کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی۔اس کے ساتھ ہی مرکزی سرکار نے پیر کو لوک سبھا میں دہلی قومی راجدھانی خطہ سرکار (ترمیم ) بل پیش کیا ہے، جس میں ایل جی کو مزید اختیارات دینے کی تجویز ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS