سعودی عرب کیلئے ایک ارب ڈالر کے فوجی تربیتی پروگرام کی منظوری

0

واشنگٹن(ایجنسیاں): امریکہ نے سعودی عرب کے لیے ایک ارب ڈالر مالیت کے فوجی تربیتی پروگرام کی منظوری دیدی۔امریکی محکمہ دفاع پنٹاگن کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے آر ای تھری اے ٹیکٹیکل ائیربرون سرویلنس سسٹم ائیر کرافٹ موڈرانائزیشن اور اس سے جڑے آلات کی سعودی عرب کو ممکنہ فروخت کی منظوری دیدی ہے۔

پنٹاگن کے مطابق سعودی عرب نے مملکت کے اندر اور باہر ٹریننگ پروگرام جاری رکھنے کی درخواست دی تھی جو صرف لڑائی، تکنیک، پروفیشنل فوجی تعلیم، خصوصی تربیت، موبائل ٹریننگ ٹیم، ٹیکنیکل اسسٹنٹ ٹیم، ایکسٹینڈڈ ٹریننگ سروس اسپیشلسٹ اور انگلش لینگویج تک محدود نہیں ہے بلکہ اس میں رائل سعودی ائیر فورس اور دیگر فورسز کی تربیت کے پروگرام جیسے عام شہریوں کی ہلاکت سے بچاؤ، مسلح فورسز کے تنازعات کے قوانین اور انسانی حقوق کے تربیتی پروگرام بھی شامل ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق مشرق وسطیٰ میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے اہم ترین دوست ملک کو تربیتی پروگرام کی مجوزہ فروخت سے امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے لیے مستقبل کے خطرات سے نمٹنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

مزید پڑھیں: مسجد الحرام کی یومیہ صفائی ہزاروں کارکن انجام دیتے ہیں

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب سے معاہدے کی صورت میں امریکا کے 339 کنٹریکٹر تقریباً ایک سال کے لیے اسلامی مملکت میں تربیتی پروگرام میں شریک ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS