نئی دہلی (یو این آئی) : مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے منگل کو کووڈ انفیکشن کے علاج کیلئے تین مزید دواؤں کوربیویکس ویکسین، کووویکس ویکسین اور اینٹی وائرل دوا مولنوپیراویر کے استعمال کو منظوری دے دی۔یہاں جاری کردہ سلسلہ وار ٹوئٹس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے مرکزی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود منسکھ منڈاویا نے کہا کہ کووڈ سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے ایک دن میں مزید 3 دواؤں کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کیلئے ہندوستان کو مبارکباد۔مسٹر منڈاویا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کووڈ کے خلاف جنگ تمام محاذوں پر لڑی جا رہی ہے ۔ تینوں ادویات کی منظوری سے کورونا کے خلاف عالمی جدوجہد کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری دوا ساز صنعت پوری دنیا کیلئے ایک قیمتی اثاثہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے تحت سی ڈی ایس سی او نے کووڈ کے مریضوں کے علاج کیلئے ایک دن میں 3 دواؤں یعنی کوربیویکس، کووویکس ویکسین اور اینٹی وائرل مولانوپیراویر کو منظوری دی ہے۔ انہیں ہنگامی صورت حال میں استعمال کیا جائے گا۔کوربیویکس کو حیدرآباد کی ایک کمپنی ای بایولوجیکلز کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے۔ یہ تیسری ہندوستانی اینٹی کوویڈ ویکسین ہے۔ یہ آر بی ڈی پروٹین پر مبنی ہے۔کووویکس ویکسین پونے کے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں تیار کی جائے گی۔ یہ نینو پارٹیکل پر مبنی ہے۔ اینٹی وائرل دوا مولنوپیراویر ملک میں 13کمپنیاں تیار کریں گی۔ اس کا استعمال بالغ کووڈ مریضوں کے علاج کیلئے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملک میں کووڈ کی نئی قسم اومیکرون سے 653لوگ متاثر پائے گئے ہیں، جن میں مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 167، دہلی میں 166اور کیرالہ میں 57 ہیں۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے پیر کو یہاں بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 21ریاستوں میں 653لوگ اومیکرون سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے 186انفیکشن سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کووڈ کے علاج کیلئے مزید3دواؤں کو منظوری
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS