سیلفی لینے کی کوشش، اے پی کی خاتون امریکہ کے آبشار میں گرکر ہلاک

    0

       حیدرآباد:سیلفی لینے کی کوشش کے دوران اے پی سے تعلق رکھنے والی خاتون امریکہ کے آبشار میں گرکر ہلاک ہوگئی۔اس 27سالہ خاتون کی شناخت اے پی کے ضلع کرشنا کی رہنے والی کملا کے طورپر کی گئی ہے۔وہ امریکہ میں سافٹ ویر کمپنی میں کام کرتی تھی۔ پولیس نے کہاکہ وہ اوہائیو کے مے فیلڈہائیٹس علاقہ میں مقیم تھی۔ہفتہ کو وہ اپنے رشتہ داروں کے مکان گئی تھی۔ واپسی کے دوران وہ بالڈ دریا کے آبشار کے قریب سیلفی لینے کے لئے رکی تاہم اتفاقی طورپر وہ پانی میں گر گئی جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔ اس کے منگیتر نے کہا کہ وہ آبشار کے قریب ٹہرے ہوئے تھے کہ اچانک اتفاقی طورپر وہ اس آبشار میں گر پڑی۔کملا کو آبشار سے نکال کر اسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹرس نے اس کو مردہ قرار دیا۔ مقامی اطلاعات کے مطابق کملا ضلع کرشنا کے گُڈلاوالیروگاوں کی رہنے والی تھی۔وہ ایم ایس کی تعلیم کے لئے امریکہ گئی تھی۔بعد ازاں اس نے وہاں ایک کمپنی میں ملازمت اختیار کی۔نارتھ امریکن تلگو سوسائٹی کی جانب سے اس کی لاش کو ہندوستان واپس بھیجنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ اس کے آبائی گاوں میں اس کی آخری رسومات انجام دی جاسکے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS