رام پور:(ایجنسی)وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کےخلاف مبینہ توہین آمیزریمارکس معاملے میں سابق گورنرعزیزقریشی پر اترپردیش پولیس نے بغاوت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ کی شکایت پر اتوار کی رات رام پور ضلع کے سول لائن پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ آکاش سکسینہ کے مطابق “قریشی کے ریمارکس کو سوشل میڈیا پر پسند کیا جا رہا ہے،جس سے دونوں برادریوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے اور یہاں تک کہ فرقہ وارانہ فسادات بھی ہو سکتے ہیں۔” عزیز قریشی پر سیکشن 153اے (مذہب، ذات وغیرہ کی بنیاد پر دو گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) 153بی (قومی اتحاد کے لیے نقصان دہ)، 124اے (غداری) اور 505 بی1۔ (خوف پیدا کرنے کا ارادہ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
رام پور کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) سنسار سنگھ کے مطابق “آکاش سکسینہ نے یوپی کے سابق گورنر عزیز قریشی کے خلاف شکایت درج کی تھی اور ابتدائی تفتیش کے بعد ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ہم قانون کے مطابق آگے کی کارروائی کریں گے۔”
بتادیں کہ کانگریس کے سینئر رکن 81 سالہ عزیز قریشی، 2014-15 میں میزورم کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ ہفتہ کو سماج وادی پارٹی کے رہنما محمد اعظم خان کی اہلیہ تزئین فاطمہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے رام پور آئے تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مبینہ طور پر یوگی حکومت کا موازنہ شیطانوں (راکشاشوں) سے کیا۔
یوگی حکومت کا ایک اورانتقامی قدم، سابق گورنر پر مقدمہ درج
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS