بابر اور رضوان کی جوڑی کا ایک اور کمال، پاکستان سیمی فائنل میں داخل،

0
Image: The Guardian

پانچ بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دنیا کی واحد ٹیم

دبئی (ایجنسی):متحدہ عرب امارات میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 12 کے میچ میں نمیبیا کو شکست دے کر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔پاکستان نہ صرف رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہے بلکہ مجموعی طور پر پاکستان پانچویں بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
پاکستان 2007، 2009، 2010، 2012 اور اب 2021 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے تاہم ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز اسے صرف ایک بار 2009 میں حاصل ہوا جب یونس خان کی قیادت میں قومی ٹیم نے کپ اٹھایا تھا۔
پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے، ڈیوڈ ویزے 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 2 وکٹوں پر 189رنز بنائے ۔
محمد رضوان ناقابل شکست 79 اور بابر اعظم 70 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نمیبیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ قومی ٹیم نے چوتھے میچ میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 113 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ واضح رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی یہ تیسری نصف سنچری ہے۔
پاکستان ٹیم کا اسکور 122 رنز پہنچا تو فخر زمان بھی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،جس کے بعد محمد رضوان اور محمد حفیظ کے درمیان 67 رنز کی شراکت داری بنی ۔ محمد رضوان 79 اور محمد حفیظ 33رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
رضوان نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کیرئیر کی 10 ویں نصف سنچری اسکور کی۔ نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور جین فریلنک نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔بابر نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نمیبیا کے خلاف میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑا۔
بابر اعظم بطور کپتان سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور کرنے والے پلیئر بن گئے، انہوں نےمجموعی طور پر 14 ففٹی پلس اسکور بطور کپتان بنائے۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ سنچری شراکت داری۔
پاکستان کے محمد رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ سنچری شراکت بنانے والے پلیئر بن گئے۔ دونوں کے درمیان نمیبیا کے خلاف میچ کے دوران پانچویں سنچری شراکت بنی۔
پاکستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پہلی وکٹ 8 رنز پر گری۔
مائیک وان 4 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ میبیا کا اسکور 55 رنز پہنچا تو اسٹیفن بارڈ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
نمیبیا کی تیسری وکٹ 83 رنز پر گری ،کپتان اراسمس 15 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے جبکہ کریگ ویلئمز 40 رنز بناکر شاداب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ جے جے سمٹ 2 رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے۔ نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے نے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے، وہ 43 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دےکر پانچویں مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی،عماد وسیم، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان گروپ 2 میں مسلسل 4میچز میں کامیابی حاصل کرکے8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں 6 ، 6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر گروپ میں شامل ٹیمیں پانچ میچز کھیلیں گی اور 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ پاکستان نے اپنا آخری میچ 7 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS