بے قابو کلسٹر بس نے کئی لوگوں کو ٹکر ماری، ایک کی حالت تشویشناک

0

نئی دہلی (ایس این بی) : بے قابو کلسٹر بس نے ہفتہ کی صبح سویرے جنوب مشرقی ضلع کے حضرت نظام الدین علاقہ میں ایک کے بعد ایک کئی لوگوں کو ٹکر مار دی۔ اس کے بعد بس فٹ پاتھ کے قریب ایک دکان میں گھس کر رک گئی۔ حادثے میں اسکوٹی سوار نوجوان سمیت 4 افراد بری طرح زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے رپورٹ درج کر کے ملزم ڈرائیور وپن کمار کو گرفتار کرتے ہوئے بس ضبط کرلی ہے۔ ملزم سے پوچھ گچھ کرکے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔ حادثے میں 2 اسکوٹر اور ایک دکان کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ضلع کے سینئر پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ صبح تقریباً 7.10 بجے حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن کے قریب بس ٹرمینل پر پیش آیا۔ یہاں روٹ نمبر (804) بس نظام الدین ریلوے اسٹیشن سے خیالہ کے لیے نکلی۔ اسی دوران اچانک بس بے قابو ہو گئی۔ بس نے اسکوٹی سوار کو کچل دیا۔ اس کے بعد فٹ پاتھ پر بیٹھے 3 لوگوں کو ٹکر مارنے کے بعد بس ایک دکان میں گھس کر رک گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور اسکوٹی پر سوار بھارت، فٹ پاتھ پر دکان کے باہر کھڑے تینوں افراد نترا بہادر، توتا رام اور آکاش کو ایمس ٹراما سینٹر میں داخل کرایا، جہاں بھارت کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ بس کا بریک تو فیل نہیں ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS