امانت اللہ خاں کی کرسی ایک بار پھر خطرے میں

وقف بورڈ کے 4 اراکین نے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی،اوقاف کی اراضی میں خرد برد کرنے کا الزام، ایل جی کو سونپا میمورنڈم

0

محمد غفران آفریدی
نئی دہلی (ایس این بی)
دہلی وقف بورڈ کے 4ممبران نے آج بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان کے خلاف لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کو خط لکھ کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ دہلی وقف بورڈ کے ممبران کے خط لکھنے کے بعد امانت اللہ خان کی چیئرمین شپ ایک بار پھر سے خطرے میں پڑتی نظر آ رہی ہے۔کہا جا رہا ہے کہ اگر لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے خط پر کارروائی کی جاتی ہے تو دہلی وقف بورڈ تحلیل کی جاسکتی ہے اور چیئرمین کو اپنے عہدے سے برطرف ہونا پڑے گا ۔
غور طلب ہے کہ اگر وقف بورڈ کمیٹی کے چار ممبران عدم اعتماد کی تجویز پاس کر دیتے ہیں تو لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے چیئرمین اور کمیٹی کوفوری طور پر تحلیل کیا جا سکتا ہے۔ممبران کے ذریعے ایل جی کو لکھے گئے خط کے ذریعے چیئر مین پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ سیکڑوں کروڑ کی اوقاف کی اراضی کی خردبرد میں دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین بذات خود شامل تھے جس کے خلاف 5 اکتوبر 2016 میں وقف بورڈ کے دو ممبران مرحوم مفتی اعجازِ ارشد قاسمی اور چودھری شریف احمد نے امانت اللہ خان کے خلاف خرد برد کی بات سامنے آنے کے بعد وقف بورڈ سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنرنے ایف آئی آر درج کرا کر سی بی آئی انکوائری کرانے کا حکم دیا تھا۔ خط میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ جب اس کی شکایت کی گئی تو امانت اللہ نے انہیں ڈرانے دھمکانے کی بھی کوشش کی اس کے ساتھ ہی سی ای او کو بھی ہراساں کیا گیا۔خط میں یہ بات بھی واضح طور پر لکھی ہے کہ امانت اللہ خان نے اپنے رشتے داروں اور عزیز و اقارب کو وقف بورڈ میں ملازمت دی ہے۔خط میں یہ بھی الزام ہے کہ مساجد و درگاہ کمیٹی میں جن افراد کو عہدہ دیا گیا ہے ان سے بطور رشوت پیسے وصول کر کے ان کاانتخاب کیا گیا ہے اور ایسے افراد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔


دہلی وقف بورڈ کے چاروں ممبران پرویز ہاشمی، چودھری شریف احمد، نعیم فاطمہ کاظمی، رضیہ سلطانہ نے خط میں ایل جی سے گزارش کی ہے کہ جلد از جلد دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے امانت اللہ خان کو برطرف کیا جائے کیونکہ ان کے ذریعہ ہر وہ کام کیا جارہا ہے جو اس عہدے پر رہتے ہوئے کر ناجائز نہیں ہے اس لیے ہم عدم اعتماد تحریک کا اعلان کرتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ کسی ایسے شخص کو منتخب کیا جائے جو دہلی وقف بورڈ کے عہدے کے وقار کا خیال رکھ سکے اور اوقاف کی بازیابی کے لیے اپنی بے لوث خدمت انجام دے سکے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS