کرونا اور معاوضہ کے تناظر میں لال قلعہ فصیل پر سب کی نظر

0
Image: Holidify

نئی دہلی: (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی کورونا وبا سے ہوئی اموات کے لئے یوم آزادی پر لال قلعہ کی فصیل سے معاوضے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے سے اپنے خطاب میں کورونا وبا کے سبب جان گنوانے والے لوگوں کے کنبوںکے لئے معاوضے کا اعلان کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مرکزی وزارت داخلہ کو ایک رپورٹ سونپی ہے، جس میں کہا گیا ہے اتھارٹی کے پاس ڈیزاسٹر فنڈ میں 20 ہزار کروڑ روپے کی رقم ہے، جس کا استعمال آفت میں جان گنوانے والوں کے کنبوں کو ایکس گریشیا کے طور پر دینے میں کیا جاسکتا ہے۔ آفت کے سبب ہونے والی اموات کے لئے سال 2014 میں چار لاکھ روپے فی شخص رقم طے کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے سبب جان گنوانے والے لوگوں کے کنبوں کو دیئے جانے والے معاوضے کے سلسلے میں کافی دنوں سے تنازع چل رہا ہے اور یہ معاملہ کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے حکوت سے 6 ہفتوں میں یہ بتانے کے لئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کو کتنا معاوضہ، کب تک اور کیسے دے گی۔ حکومت نے عدالت کو پہلے بتایا تھا کہ وہ پہلے سے چلے آرہے انتظام کے مطابق وبا سے انتقال کرنے والے ہر شخص کے کنبے کو چار لاکھ روپے کا معاوضہ دے گی۔ذرائع کے مطابق اس معاملے میں اب وہ تاخیر کرنا نہیں چاہتی اس لئے ممکن ہے وزیراعظم یوم آزادی کے اپنے خطاب میں اس بارے میں اعلان کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS