وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضروری ہدایات جاری کیں
لکھنؤ (ایس این بی): ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وبا کی دوسری لہر کے بعد اترپردیش حکومت نے بھی مستعدی شروع کر دی ہے اور الرٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ریلوے اسٹیشن، ایئرپورٹ اور بس اڈوں پر ریپڈ اینٹی جن ٹسٹ کے انتظام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین ایک بہتر ذریعہ ہے، اس لئے ویکسین کی ایک بھی ڈوز ضائع نہیں ہونا چاہئے۔ مختلف طریقوں سے کئے جانے والے کل کووڈ ٹسٹ میں کم از کم 45 فیصد یومیہ آر ٹی پی سی آر طریقہ سے کئے جائیں اور یومیہ ٹسٹ میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ میں اضافہ کرکے 50 فیصد کرنے کیلئے مؤثر اقدام کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کئی ریاستوں میں کورونا انفیکشن کی شرح میں اضافہ ہم سب کیلئے ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کووڈ ویکسی نیشن کا کام حکومت ہند کی گائڈ لائن اور ترجیحات کی بنیاد پر چلایا جائے۔ وزیراعلیٰ آج جمعرات کو یہاں لوک بھون میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ کا کام پوری صلاحیت سے کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبھی اضلاع میں ڈیڈیکیٹیڈ کووڈ اسپتال کو سرگرم رکھا جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انٹیگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پوری فعالیت سے کام کرے۔ انہوں نے کنٹیکٹ ٹریسنگ کے بندوبست کو مستحکم بنانے کی ہدایت بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تہواروں کے مدنظر بازاروں سمیت مختلف عوامی مقامات پر کثیر تعداد میں لوگ آئیں گے، اس لئے سوشل ڈسٹینسنگ اور ماسک کے لازمی استعمال پر پوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے کووڈ-19 سے بچاؤ کے سلسلے میں لوگوں کو مسلسل بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کام میں پبلک ایڈریس سسٹم کا وسیع پیمانے پر استعمال کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں کووڈ ویکسی نیشن کا کام حکومت ہند کی گائڈ لائن اور ترجیحی بنیاد پر کیا جائے۔واضح رہے کہآبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں ایکٹیو کیسز 2014رہ گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی اس وبا کی وجہ سے اب تک 8751افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 5.95 لاکھ سے زیادہ مریض صحت مند ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS