سعودی عرب اور عمان کے درمیان نئے دور کا آغاز :عجلان العجلان

0
saudigazette.com.sa

مسقط (ایجنسیاں) : سعودی عرب کے ایوان صنعت وتجارت کے سربراہ عجلان العجلان نے کہاہے کہ خلیجی ریاست عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے مابین تعلقات خصوصا سرمایہ کاری اور معاشی شعبوں میں نئے افق کا آغاز ثابت ہوگا۔العجلان نے ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں کہاکہ سعودی عرب اور سلطنت عْمان نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سلطان ہیثم بن طارق کی سربراہی میں حقیقی معاشی انضمام کے تعلقات کو قائم کرنے کے لئے ضروری اقدامات اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وڑن 2030 اور عمان کے وڑن 2040 پر مبنی نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اپنے اپنے وڑن میں بڑے مواقع اور منصوبے شامل ہیں۔ عمان کے لیے سعودی عرب پہلا تجارتی شراکت دار بن سکتا ہے اور سلطنت عمان اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ ان کا یہ دورہ دونوں ممالک کی معاشی صورتحال پر مثبت اثرات ڈالے گا۔ سعودی اور عمانی کاروباری شعبے ، مشترکہ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران دونوں ممالک میں کاروباری شعبوں کے مابین بات چیت ہوئی ہے۔ اس دوران عمان میں سرمایہ کاری کے تقریبا 150 مواقع تجویز کیے گئے تھے جس کا تخمینہ 15 ارب سعودی ریال ہے۔ یہ سرمایہ کاری غیر منقولہ جائیداد، ترقیاتی شعبوں میں ، صنعت ، سیاحت ، ماہی گیری ، قابل تجدید توانائی اور پیٹرو کیمیکل جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سعودی عمانی بزنس کونسل کا ایک اجلاس بھی ہوا ہے جس میں دونوں میں تجارت کے فروغ اورسرمایہ کاری مواقع پیدا کرنے پر غور کیاگیا۔اس تناظر میں العجلان نے تجارت اور سرمایہ کاری کی رکاوٹوں اور چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے مزید کوششوں اور کام کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح سے تجارتی تبادلے کے حجم کو بڑھانے میں مدد ملے گی اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سنہ 2020 میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 10 ارب ریال سے تجاوز نہیں کرسکا۔
سعودی عرب اور سلطنت عمان کے سڑک کی تعمیر اور سرحدی گزرگاہ کے قیام سے اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات پیدا ہوں گے اور دو طرفہ تجارت کو مہمیز دی جاسکے گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ فیڈریشن آف سعودی چیمبر دونوں ممالک میں سرکاری اور نجی ایجنسیوں کے ساتھ برآمدات میں حوصلہ افزائی ، سامان اور سروسز کے تبادلے ، مشترکہ سرمایہ کاری اور تجارتی منصوبوں کے قیام ، تجارتی اجلاسوں کو تیز تر بنانے کے ذریعے سعودی عمانی معاشی تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کی بھر پور حمایت کرے گا۔ وفود ، فورمز اور نمائشوں کا انعقاد ، اور دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں مدد دے گا۔دونوں اطراف چیلنجوں پر قابو پانے ، سرمایہ کاری کے لیے ماحول ساز گار بنانے اور کاروباری طبقے کو مالی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے بارے میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS