image:economictimes

نئی دہلی :مرکزی حکومت نے ہوائی سفر کرنے والوں کو جھٹکا دیا ہے۔ کم ازکم کرایہ میں 5فیصدکا اضافہ کردیاہے۔ اس سے ہوائی سفر مہنگا ہوسکتا ہے۔ فی الحال یہ اضافہ اپریل کے آخر تک نافذ کیا گیا ہے۔ پچھلے ایک ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب حکومت نے ہوائی سفر کے کرایوں میں اضافہ کیا ہے۔وزارت ہوا بازی کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ مختلف ریاستوں میں کورونا کیسوں میں اضافہ کی وجہ سے گھریلو پروازوں کی نقل و حرکت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اسی وجہ سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپریل کے آخر تک کم سے کم کرایہ میں 5 فیصد اضافہ کیا جائے اور 80 فیصد آپریشن کے ساتھ اڑان بھری جائے۔ کرایوں میں اضافے کاسبب مہنگا ایندھن بتایا جارہا ہے۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ وزارت صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور صورتحال کے مطابق فیصلے لے رہی ہے۔وزیر ہوا بازی ہردیپ سنگھ پوری نے بھی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ ہوائی کرایوں میں اضافے کی جانکاری دی ہے۔ وزیر نے کہا ہے کہ گھریلو پروازوں کے لئے کم سے کم کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ ایندھن کی قیمت میں اضافہ ہے۔ لیکن زیادہ سے زیادہ کرایے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیاہے۔ پوری نے کہا ہے کہ اگر مہینے میں 3 بار مسافروں کی تعداد 3.5 لاکھ سے تجاوز کر جاتی ہے تو ہوابازی کا شعبہ 100فیصد آپریشن کے لئے کھول دیا جائے گا۔حکومت نے فروری میں ہوائی جہاز کے پرائس بینڈ میں 10-30 فیصد اضافہ کیا تھا۔اس بار کم سے کم پرائس بینڈ میں اضافہ کیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ قیمت والے بینڈ میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ یہ پرائس اکانومی کلاس کے لئے ہے اور اس میں یوزرڈیولپمنٹ فیس ، مسافروں کی سکیورٹی فیس اور جی ایس ٹی شامل نہیں ہیں۔ اس وقت ہوائی روٹ سات زمروںمیں تقسیم ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS