مدھیہ پردیش میں شیوراج سنگھ حکومت کی کابینہ میں توسیع کے بعد اب محکموں کی تقسیم کو لیکر ایک نیا طنازع نظر آرہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت کے لئے نئے شامل کردہ وزراء کو محکموں کی تقسیم شیو راج سنگھ کے لئے ایک نیا سر درد بن کر رہ گیا ہے۔ ہفتے کے روز ، دو بار بی جے پی کے ممبر اسمبلی رمیشور شرما کو قائم مقام گورنر آنندین پٹیل نے اسپیکر مقرر کیا تھا۔ اس سے قبل جگدیش دیوڈا نے مدھیہ پردیش کابینہ میں شامل ہونے کے بعد اس عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔
بی جے پی کی مرکزی قیادت وزرا کو پورٹ فولیو الاٹ کرے گی۔ اسی وجہ سے ، وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان ہفتہ کی رات دہلی روانہ ہوگئے۔
کابینہ کی دوسری توسیع میں 28 وزرا نے حلف اٹھایا ہے، جن میں سے 20 کابینہ اور 8 وزیر مملکت ہیں۔ ان وزرا میں محکموں کی تقسیم کی جانی ہے، لہذا جن وزرا کے پاس دو قلمدان ہیں ان کا ایک ایک محکمہ چھینا جا سکتا ہے۔ ایک طرف جہاں محکمہ چھینے جانے کے خوف سے پریشان وزرا اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف نئے وزرا پسندیدہ محکمہ کے خوہاں ہیں۔
بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی میں آئے رکن راجیہ سبھا جیوتیرادتیہ سندھیا اپنے حامی وزرا کو کچھ ایسے اہم محکمے دلانا چاہتے ہیں، جن کا براہ راست واسطہ عام آدمی سے ہے۔ سندھیا کے 11 حامی وزرا بنائے گئے ہیں اور سندھیا کی طرف سے دیہی ترقی، پنچایت، بہبود خواتین و اطفال، سنچائی، داخلی امور، نقل و حمل، رابطہ عامہ، غذائی ترسیل جیسے اہم قلمدان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔