مسلم ڈرائیور کی بُری طرح پٹائی کرنے اور پاکستان چلے جاو کہنے والے ملازمین پولیس کے خلاف کارروائی :اسد اویسی

0
Iamge:Delhi99

حیدرآباد: (یواین آئی)بیرسٹراسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے ڈی جی پی تلنگانہ سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ایرپورٹ کے قریب ڈی سی ایم ڈرائیور سبحان کی بُری طرح پٹائی کرنے والے ملازمین پولیس کے خلاف کارروائی کی جائے۔سبحان نے اس خصوص میں مجلس کے ہیڈ کوارٹرس دارالسلام پہنچ کر صدر مجلس سے اس بات کی شکایت کی اور کہا کہ ٹریفک پولیس ملازمین نے ان کی بُری طرح پٹائی کی۔ان کو پولیس اسٹیشن لے جاکر تین دن تک اذیتیں دی گئیں اور ان سے کہا گیا کہ پاکستان چلے جائیں۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے اس تعلق سے تلنگانہ کے ڈی جی پی اور سائبرآباد کے کمشنر پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا۔اس ٹوئیٹ میں اسد الدین اویسی نے کہا کہ سبحان کی ڈی سی ایم وین کو پولیس نے ضبط کرلیا۔صدرمجلس نے کہاکہ اس سلسلہ میں انہوں نے ڈی جی پی سے بات بھی کی جنہوں نے سخت کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔صدر مجلس نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ان ملازمین پولیس نے سبحان سے خواہش کی کہ وہ اس بات کی کسی سے بھی شکایت نہ کرے۔پولیس ملازمین نے ان کوخاموشی پر رقم دینے کا بھی وعدہ کیا۔صدر مجلس نے کہا کہ اس طرح کی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہر ملازم پولیس کو فوری طورپر معطل کیاجانا چاہئے اور اس کو سخت سزا دینی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اذیت دینے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں سائبرآباد کے کمشنر پولیس سے امید ظاہر کی کہ وہ اس معاملہ میں سخت کارروائی کریں گے۔اس نوجوان نے اپنے ویڈیو میں روتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس کی بُری طرح پٹائی کی اور تلگو زبان میں اس کے ساتھ نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا۔ایک ملازم پولیس نے ان سے کہا کہ پاکستان چلے جائیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS