کشتی پلٹنے سے خاتون کی موت،تین لاپتہ

0

نئی دہلی: بہار کے ضلع پٹنہ میں عالم گنج تھانہ علاقہ کے گنگا ندی میں آج کشتی پلٹ جانے سے ایک خاتون کی ڈوب کر موت ہوگئی، جبکہ تین لوگ لاپتہ ہیں۔ 
پولیس ذرائع کے مطابق کشتی پر 26افراد سوار تھے، جو پٹنہ کے دیدار گنج واقع سبل پور گھاٹ میں پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) کی دکان سے راشن لیکر ویشالی ضلع کے راگھو پورلوٹ رہے تھے۔ اسی دوران کشتی بے قابو ہوکر پلر نمبر 44 کے قریب پیپا پل سے ٹکرا کر پلٹ گئی۔ 
ذرائع نے بتایا کہ کشتی پلٹنے سے اس پر سوار سبھی لوگ ڈوبنے لگے لیکن ان میں سے 22 افراد تیر کر بحفاظت نکل آئے جبکہ چار دیگر ڈوب گئے۔ ان میں سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوگئی ہے باقی تین کی تلاش میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیم کو لگایا گیا ہے۔ موقع پرپٹنہ سٹی کے سب ڈویژن پولیس افسر اور سب ڈویژن افسر سمیت ریسکیو اور راحتی ٹیم کے افسران کیمپ کررہے ہیں۔ 
اس درمیان پٹنہ سٹی کے سب ڈویژن پولیس افسر منیش کمار نے بتایا کہ مرنے والی خاتون کی پہچان چنتا دیوی کی شکل میں ہوئی ہے۔ ڈوبنے والوں کی تلاش کے لئے ایس ڈی آر ایف ٹیم کے ساتھ مقامی غوطہ خور کی مدد لی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS