اکھلیش  سنجے ملاقات سے سیاسی پارہ گرم، اتحاد تقریباً طے

0
indiaaheadnews.com

لکھنؤ (ایس این بی) ایس پی صدر اکھلیش یادو اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے درمیان نزدیکیاں بڑھ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق پچھلے 3دن سے وہ کسی نہ کسی بہانے ملاقات کررہے ہیں۔ آج اے اے پی لیڈر سنجے سنگھ نے لکھنؤ میں ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے ساتھ ہی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد تقریباً طے مانا جارہاہے، جس کا محض رسمی اعلان ہونا باقی ہے۔ لوہیا ٹرسٹ میں ایس پی کے دفتر میں اکھلیش کے ساتھ ملاقات کے بعد دونوں لیڈروں نے جلد ہی حتمی فیصلے کے اعلان کئے جانے کی بات کہی۔اکھلیش سے ملنے کے بعد سنجے سنگھ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ میٹنگ میں مثبت تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اترپردیش کو بی جے پی کی غلط حکمرانی سے آزاد کرنے کیلئے ایک مشترکہ ایجنڈے پر بات چیت ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ سنجے سنگھ اترپردیش میں پارٹی کے انچارج بھی ہیں۔ سیٹوں کی تقسیم کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی بات چیت شروع ہوئی ہے۔ آگے بھی بات چیت جاری رہے گی، تب سیٹوں کے بارے میں کوئی فیصلہ ہوگا۔وہیں اکھلیش یادو نے کہا کہ سنجے سنگھ سے یہ ملاقات ریاست کی تبدیلی کیلئے ہے۔انہوں نے کہاکہ اس بار اقتدار میں تبدیلی طے ہے۔
دوسری جانب اس سلسلے میں روزنامہ راشٹریہ سہارا سے خاص بات چیت میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر دلیپ پانڈے نے کہا کہ اس بار کا الیکشن یوپی کے عام لوگوں کیلئے جنگ کی طرح ہوگا، جو بی جے پی کے خلاف اور تبدیلی و ترقی کیلئے ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سرکار کے رویہ سے لوگوں میں مایوسی ہے۔ہر طرف ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے، اس لیے اس الیکشن میں تبدیلی طے ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS