عالمی سہارا‘اردو چینل کے 10سال مکمل’ سہارا شری‘کے خوابوں کی تعبیر کے طور پر 2010میں شروع ہوا تھا چینل’

0

نئی دہلی (ایس این بی):27دسمبر 2010 کو سہارا نیوز نیٹ ورک کے گلدستہ میں شامل ہونے والے ملک کے پہلے مکمل اردو نیوز چینل عالمی سہارا نے اپنے سفر کے 10سال مکمل کرلیے ہیں۔ اس موقع پر اتوار کو نوئیڈا میں واقع سہارا میڈیا کے دفتر میں عالمی سہارا کے نیوز روم نے ایک مختصر جشن سالگرہ کا اہتمام کیا جس میں شریک ہوکر عالمی سہارا اور سہارا نیوز نیٹ ورک کے دیگر جملہ کارکنان نے آپس میں خوشیاں بانٹیں۔ اس موقع پر موجود سہارا اردو میڈیا کے گروپ ایڈیٹر اسماعیل ظفر خان اور عالمی سہارا کے ایڈیٹر اور چینل ہیڈ لئیق رضوی نے عالمی سہارا کی 10ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور اس موقع پر وہاں موجود کارکنان میں میٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
کورونا وائرس کے پیش نظر اس تقریب کو مختصر کیا گیا تھا جس کے سبب زیادہ لوگ شریک نہیں ہوسکے۔ واضح رہے کہ سہارا انڈیا پریوار کے سرپرست اعلیٰ عالی جناب سبرت رائے سہارا کے خواب کی تعبیر کے طور پر 2010 میں عالمی سہارا چینل کی شروعات ہوئی تھی جس نے اپنی نشریات کے پہلے ہی سال میں زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے دنیا کے 56 ملکوں تک اپنی رسائی حاصل کر لی جو ہنوز جاری ہے۔ ٹی آر پی میں یہ چینل اس معنی میں ہمیشہ اول رہا کہ ناظرین اس اردو چینل کوسب سے زیادہ دیر تک ٹھہرتے ہیں یعنی عالمی سہارا اردو چینلوں میں ناظرین کی سب سے زیادہ توجہ حاصل ہے۔ ہرگھنٹے خبرنامہ کے علاوہ عالمی سہارا بین الاقوامی خبروں کا سیگ منٹ اور خبر ایکسپریس بھی اپنے ناظرین کو پیش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کھیلوں کا ہفتہ وار پروگرام اسپورٹس راؤنڈاپ بھی تسلسل کے ساتھ نشر کیا جاتا ہے۔ عالمی سہارا کے ناظرین کے لیے ہر روز صبح قرآن کریم کی تلاوت اور اس کا ترجمہ پیش کیا جاتا ہے کہ تاکہ ناظرین کی صبح کا آغاز نورانی اور روحانی طریقہ سے ہوسکے۔ اس کے علاوہ مختلف اہم شخصیات کے یوم پیدائش اور برسی کے موقع پر خاص پروگرام عالمی سہارا کے ناظرین کے لیے وقت وقت پر پیش کیے جاتے ہیں۔ ان میںرمضان، محرم الحرام اور حج کے موقع پر پیش کیے جانے والے خصوصی پروگرام ناظرین کے ذریعہ کافی پسند کیے جاتے ہیں چونکہ نشریات کا دائرہ بیرونی ممالک تک پھیلاؤ ہوا ہے لہٰذا بین الاقوامی خبروں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور ہر خبرنامہ کا آخری حصہ بین الاقوامی خبروں کے لیے وقف ہوتا ہے۔
عالمی سہارا کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ عالمی سہارا کے ناظرین نے بھی چینل کے 10سال مکمل ہونے پر سہارا انڈیا پریوار اور متعلقہ چینل کے کارکنان کو مبارکباد دی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS