ورلڈ یونانی فاؤنڈیشن کی جانب سے تین روزہ عالمی کانفرنس مع آیوش ہیلتھ میلہ بخوبی انجام پایا

پورے عالم میں ہربل انقلاب کے تحت طِب یونانی کا مستقبل روشن: حکیم محسن دہلوی

0

پریس ریلیز :

نئی دہلی: ملک کی معروف طِبّی تنظیم ورلڈ یونانی فاؤنڈیشن کی جانب سے “دوئم عالمی یونانی کانگریس” مع آیوش ہیلتھ میلہ 4 تا 6 مارچ بمقام جامعہ ملّیہ اسلامیہ، نئی دہلی شان و عظمت کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیّت سے شری اجیت ایم۔ شرن (سابق سکریٹری، وزارت آیوش حکومت ہند) شریک تھے جبکہ صدر مجلس کی حیثیت سے پروفیسر شکیل احمد رومشو (وائس چانسلر اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کشمیر) اور مہمان ذی وقار کی حیثیّت سے ڈاکٹر ڈی۔ سی۔ کٹوچ (سینئر سی۔ ایم۔ او، سی جی ایج ایس، حکومت ہند) شامل تھے کلیدی مقرّر کی حیثیّت سے طبّی جہاں کی معروف شخصیّت پروفیسرسیّد ظلّ الرحمٰن نے خصوصی خطاب فرمایا۔ تنظیم کے قومی صدر اور پروگرام کے کنوینر حکیم محسن دہلوی نے اپنے بیان میں ورلڈ یونانی فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد سے اہل محفل کو روشناش کرایا۔ کانفرنس میں ملک و بیرون ملک کے حاملین و شائقین طِب نے کثیر تعداد میں شرکت فرمائی۔
تین روزہ پروگرام کے تحت کانفرنس/ ورک شاپ اور آیوش صحت میلہ کا باقاعدہ اہتمام تھا۔ آیوش صحت میلہ میں ملک کی مختلف دواساز کمپنیوں کے اسٹال تھے جہاں عوام النّاس کے لئے حکماء حضرات کے ذریعہ مفت تشخیص و تجویز اور خصوصی رعایت پر دواؤں کی فراہمی کی سہولیات فراہم تھیں۔ تنظیم کے صدر اور روح رواں حکیم محسن دہلوی کے بڑے پیمانے پر اس عظیم کانفرنس کے انعقاد کے لئے اہلیان علم و دانش اور حاملین طِب نے جذبہ ممنونیّت کے ساتھ اپنی مسرّت اور شادمانی کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی۔
سائنٹفک سیشن کے تحت باضابطہ تین روزہ سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں مختلف اہم عنوان کے تحت علمی و فنّی موضوعات پر مشتمل ماہر فن مقرّرین، اعلٰی شخصیّات اور دانشورانِ طِب کے نہایت مفید، کارآمد اور معلومات افزاء بیانات ہوئے جن سے اہلیانِ طِب خوب مستفیض ہوئے۔ تین روزہ پروگرام کے آغاز سے اختتام تک مختلف طبّی تنظیموں کے ذمّہ داران کے علاوہ یونانی ڈرگس مینوفیکچررس ایسو سی ایشن (اُڈما) کے عہدیداران اور ذمّہ داران نے بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا۔ جن میں محمّد عارف، مقبول حسن، محمّد جلیس، حکیم ارباب الدّین، پرویز احمد خاں، محمّد نوشاد، ڈاکٹر مطیع اللّٰہ مجید، سیّد منیر عظمت، حکیم اعجاز احمد اعجازی، حکیم عزیر بقائی کے نام قابلِ ذکر ہیں۔
ہیلتھ میلہ میں ہائی ٹیک میڈیکل اکسرسائز کا اسٹال بھی تھا جس میں اس کے بانی ڈاکٹر بدرالاسلام کیرانوی اپنی ٹیم کے ساتھ مختلف ورزشوں کی مفت تعلیم دے رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS