’ایک فوجی پہلے ایک فوجی ہوتا ہے‘:ہندوستانی  فوج نے جموں و کشمیر میں پاکستانی افسر کی تباہ شدہ قبرکی مرمت کی 

    0

    سری نگر: فوج نے سرحدی ضلع کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک سال 1972 میں ایک کارروائی کے دوران
    ہلاک ہونے والے ایک پاکستانی میجر کی خستہ حال قبر کی مرمت کی ہے۔
    دفاعی ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک ایک کارروائی کے دوران 5 مئی 1972 کو ایک پاکستانی
    میجر مارا گیا تھا جس کو وہیں دفن کیا گیا تھا۔
    انہوں نے کہا کہ قریب تین دہائیاں بیت جانے کے بعد قبر اب خستہ ہوگئی تھی جس کے پیش نظر فوج نے انسانی بنیادوں پر اس قبر کی
    مرمت کر کے دوبارہ بحال کر دیا ہے۔
    مہلوک پاکستانی میجر کی شناخت'ستارہ جرت'ایوارڈ یافتہ محمد شبیر خان کے بطور ہوئی ہے۔
    سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا:'بھارتی فوج نے اپنی روایات و اقدار کو
    ملحوظ نظر رکھتے ہوئے پانچ مئی 1972 کو نوگام سیکٹر میں ہلاک ہونے والے "ستارہ جرات"ایوارڈ یافتہ پاکستانی میجر کی بوسیدہ
    قبر کی مرمت کر کے دوبارہ بحال کیا ہے'۔
    ٹوئٹ میں مزید کہا گیا: 'ایک مہلوک سپاہی، اس سے قطع نظر کہ وہ کس ملک سے تعلق رکھتا ہے، موت کے بعد عزت و وقار کا
    مستحق ہوتا ہے بھارتی فوج کا یہی عقیدہ ہے'۔
    دریں اثنا فوج کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS