نئی دہلی (ایجنسیاں) :پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے پہلے دہلی میں سیاسی ہلچل بڑھنے لگی ہے۔ این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے 2 دن کے قیام کے دوران مرکزی وزرا راج ناتھ سنگھ اور پیوش گوئل سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔ 50منٹ تک چلی ملاقات سے قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا جس کے بعد این سی پی کو صفائی پیش کرنی پڑی۔ این سی پی رہنما نواب ملک نے پارٹی سربراہ کی وزیر اعظم نریندرمودی ، مرکزی وزراپیوش گوئل اور راج ناتھ سے ملاقاتوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوار نے ادھو ٹھاکرے اور کانگریس لیڈران کو اس کے بارے میں مطلع کردیا تھا۔نواب ملک نے کہا کہ این سی پی کے چیف شرد پوار نے مرکزی حکومت کی جانب سے بینکنگ ریگولیشن ایکٹ میں کی جانے والی ترمیم کے حوالے سے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی ہے ، جس سے کوآپریٹو بینکوں میں زیادہ کمی آئی ہے۔ قیاس آرائیوں پر انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ لیکن پوار نے پہلے ہی اس کے بارے میں سی ایم ٹھاکرے اور کانگریس لیڈران کو مطلع کردیا تھا۔ پوار نے اپوائنٹ منٹ لے کر وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی۔ اُدھر پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، وزیر مملکت ارجن رام میگھوال اور وی مرلی دھرن نے مانسون اجلاس کے سلسلے میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ان کے علاوہ مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن، وزرائے مملکت بھاگوت کراد اور پنکج چودھری بھی اسپیکر سے ان کے گھر پر تبادلہ خیا ل کیا۔ اور بھی کئی وزرا کے اسپیکر سے ملاقات کی خبریں ہیں۔ ان ملاقاتوں کے علاوہ ، اسپیکر لوک سبھا اتوار (18 جولائی 2021) کو شام 4 بجے پارلیمنٹ لائبریری بلڈنگ کے کمیٹی روم 074 میں لوک سبھا میں تمام جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے ، اوراجلاس کی کامیابی کے حوالے سے ایک میٹنگ کریں گے۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 19 جولائی سے شروع ہوگا۔
دوسری جانب راجیہ سبھا کے چیرمین ایم ونکیا نائیڈو نے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہفتہ کو ایوان چلانے میں تمام سیاسی جماعتوں سے تعاون کرنے کی اپیل کی اور ایوان کی کارروائی میں تمام کی شرکت کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔نائب صدر کی رہائش گاہ پر بلائی گئی اس میٹنگ میں پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، پارلیمانی امور کے وزیرمملکت وی مرلی دھرن اور ارجن میگھوال کے علاوہ ایوان کے لیڈر پیوش گوئل اور ایوان میں اپوزیشن کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے موجود رہے ۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ اس میٹنگ میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے ایوان چلانے میں تعاون کا یقین دلایا۔ میٹنگ میں ایوان کی تمام سیاسی جماعتوں اور گروپوں کو مدعو کیا گیا تھا۔میٹنگ میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، شہری ہوابازی کے وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا، وزیر صحت منسکھ مانڈویا، فشریز اور جانور پالنے کے وزیر پرشوتم روپالا اور محنت اور روزگار کے وزیر بھوپندر یادو بھی موجود تھے ۔میٹنگ میں کانگریس کے آنند شرما اور اے کے انٹنی، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شردپوار، ترنمول کانگریس کے ڈیرک او برا ئن کے علاوہ بہوجن سماج پارٹی، تلنگانہ راشٹر سمیتی، تیلگو دیشم پارٹی، اے آئی اے ڈی ایم کے ، ڈی ایم کے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ خبر یہ بھی ہے کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اتوار کی شام کانگریس لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کریں گی۔اطلاعات کے مطابق ، یہ میٹنگ اتوار کی شام 6 بجے ہوگی۔کانگریس ممبران پارلیمنٹ کی اس میٹنگ کو اہم مانا جاتا ہے ، مانسون سے ایک دن قبل کانگریس ما سون سیشن میں مہنگائی ، کورونا وبا جیسے معاملات پر حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی کو تیارکرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے سیاسی ہلچل اور ملاقاتوں کا دور
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS