نئی دہلی، (یو این آئی) ’بھارت: وشو گرو ان یوگا ایجوکیشن‘ کے موضوع پر 12فروری کو شعبہ ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے آئی سی ایس ایس آر کا اسپانسرڈ قومی سمینار کا اختتامی اجلاس منعقد کیا گیا۔اس اجلاس میں وزیر مملکت برائے ایجوکیشن وہ خارجہ امور،حکومت ہند ڈاکٹر راج کمار رنجن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اپنی تقریر میں وزیر موصوف نے کہاکہ جامعہ ملیہ اسلامیہ تدریس و تحقیق کے میدان میں بہترین مظاہرہ کررہا ہے اور یہ کہ اداروں کی عظمت قومی و بین ا لاقوامی رینکنگ میں جھلکتی ہے۔اس کے لیے انھوں نے پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور جامعہ برادری کو مبارک دی۔انھوں نے کہاکہ موجودہ تناظرمیں قومی سمینار کا مرکزی خیال نہایت موزوں ہے کیوں کہ یہ اجاگر کرتاہے کہ جہاں تک یوگا کی تعلیم وتدریس کی بات ہے بھارت وشوگرو ہے۔
پروفیسر نجمہ اخترنے اپنی صدارتی تقریر میں سمینار کی منتظمہ کمیٹی کو مبارک باد دی اورآئی سی ایس ایس آر سے اسپانسرڈ قومی سمینار کے انعقاد کے لیے شعبہ کی کوششوں کی تعریف کی۔
اختتامی پروگرام کے مہمان اعزازی پروفیسر اکرام حسین نے کہاکہ یوگا اور یوگاتدریس کے ذریعےہی ہم اپنی پرانی عظمت واپس حاصل کرسکتے ہیں۔
اس موقع کے دوسرے مہمان اعزازی پروفیسر ناظم حسین الجعفری،مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اتنے شاندار پروگرام کے انعقاد کے لیے سمینار کی منتظمہ کمیٹی کو مبارک با ددی۔
سمینار ڈائریکٹر اور صدر شعبہ پروفسیر ناہید ظہور نے قومی سمینار کی روداد پیش کی۔انھوں نے بتایاکہ سمینار کے آٹھ اجلاسوں میں کل چونسٹھ مقالات پیش کیے گئے اور سمینار میں ملک بھر سے آئے مندوبین نے شرکت کی۔
اس سمینار میں لداخ،جموں وکشمیر،پنجاب،ہریانہ،اتراکھنڈ،اتر پردیش،بہار،چنئی،مہاراشٹرا،کیرالا اور منی پور سے آئے مندوبین نے شرکت کی۔
سیمینار کے آرگنائزنگ سیکریٹری ڈاکٹر محمد فیض اللہ خان نے پروگرام کے آغاز میں معزز ہستیوں اور مہمانوں کا استقبال کیا اور سمینار کے کنوینر ڈاکٹر عارف محمد نے شکریے کی رسم ادا کی۔
سمینار کی افتتاحی تقریب گیارہ فروری دوہزار تئیس کو منعقد ہوئی تھی جس میں ملک کے طول وعرض سے دوسوسے زیادہ مندوبین اور اسکالروں نے شرکت کی تھی۔افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی سابق پرسپل این این سی پی ای،تھریونندتھا پورم اور فزیکل ایجوکیشن اور اسپورٹس کے موضو ع پر پچیس کتابوں کے مصنف جناب پروفیسر ایم۔ایل۔کملیش تھے۔
افتتاحی اجلاس کے مہمانانِ اعزازی وائی ایم سی اے کالج آف فزیکل ایجوکیشن،چنئی کے پرنسپل جارج ابراہم اور این ایس این آئی ایس پٹیالہ کی اکیڈمک ڈائریکٹر پروفیسر کلپنا شرما تھے۔ افتتاحی اجلاس کاکلیدی خطبہ،شعبہ فزیکل ایجوکیشن،اے ایم یو،علی گڑھ کے چیئر پرسن پروفیسر سید طارق مرتضی نے دیا تھا۔
سمینار کے کنوینر ڈاکٹر محمد عارف نے سمینار کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور سمینار ڈائریکٹر پروفیسر ناہید ظہور نے سامعین اور مہمانوں کو استقبال کیا۔فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین اور سیمینار کی صدر پروفیسر سارہ بیگم نے صدارتی خطبہ دیا جس کے بعد ڈاکٹر فرحانہ خاتون نے شکریہ کے فرائض ادا کیے۔