نئی دہلی، (یو این آئی) رئیل اسٹیٹ کے شعبے کی ایک عالمی کنسلٹنسی کمپنی کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 کے دوسرے نصف حصے میں ہندوستان کے دو شہر ممبئی اور بنگلورو مکانات کی قیمتوں میں سالانہ اضافے کے لحاظ سے ایشیا پیسیفک خطے کی ٹاپ پانچ بازاروں میں شامل رہے ہیں۔ دہلی شہر کا شمار بھی 10 بہترین کارکردگی والے بازاروں میں ہوتا ہے۔
جمعہ کو جاری ہونے والی نائٹ فرینک کی ایشیا پیسفک ریذیڈنس ریویو انڈیکس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2022 کی دوسری ششماہی میں ممبئی اور بنگلورو شہر کی قیمتوں میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں سات فیصد اضافہ دیکھا گیا اور دونوں 23 بازاروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر رہے۔ ہندوستان کی ایک اور بڑی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ دہلی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 10 مارکیٹوں میں شامل تھی۔ دوسری ششماہی میں دہلی میں قیمتوں میں سالانہ 6.8 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق منیلا میٹرو دوسری ششماہی میں مکانات کی قیمتوں میں 24 فیصد اضافے کے ساتھ سب سے اچھی مارکیٹ رہی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران ایشیا پیسیفک کی 23 بڑی منڈیوں میں سے 14 میں قیمتوں میں بہتری آئی۔ سنگاپور میں مکان کی قیمتوں میں اوسطاً 9.3 فیصد، ٹوکیو میں نو فیصد، اوساکا میں 6.9 فیصد، بیجنگ میں 5.8 فیصد اور شنگھائی میں 4.1 فیصد کی دوسری ششماہی میں اضافہ دیکھا گیا۔
ہانگ کانگ میں مکانات کی قیمتیں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 13.8 فیصد کم ہوئیں، سیئول میں بھی قیمتیں تقریباً چار فیصد گر گئیں۔