نئی دہلی، (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج کہا کہ حکومت کی ترجیح ملک کے 11 کروڑ چھوٹے کسان حکومت کی ترجیحی اسکیم میں شامل ہیں ،جو دہائیوں سے محروم ہیں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے محترمہ مرمو نے کہا کہ اب ان کسانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں مالا مال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت ان چھوٹے کسانوں کو 2.25 لاکھ کروڑ سے زیادہ کی مدد دی گئی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ان استفادہ کنندگان میں تقریباً تین کروڑ خواتین بھی شامل ہیں ،جس کی وجہ سے خواتین کسانوں کو اب تک تقریباً 54 ہزار کروڑ روپے مل چکے ہیں۔
صدرجمہوریہ نے کہا کہ اسی طرح چھوٹے کسانوں کے لیے فصل بیمہ، سوائل ہیلتھ کارڈ، کسان کریڈٹ کارڈ کا دائرہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ حکومت نے پہلی بار مویشی پالنے والوں اور ماہی گیروں کو بھی کسان کریڈٹ کارڈ کی سہولت فراہم کرائی ہے۔ فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشن ( ایف پی او ) کے قیام سے لے کر فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت میں اضافہ کے ساتھ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے چھوٹے کسانوں کے ساتھ حکومت مضبوطی سے کھڑی ہے۔